جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر اور لدخ این سی سی کیڈٹوں کے اُس دستے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جنہوں نے نئی دلّی میں یوم جمہوریہ پریڈ میں حصہ لیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ان کیڈٹوں کو مبارکباد پیش کی جن کو جے اینڈ کے اور لداخ کے مرکزی زیرانتظام علاقوں کی نمائندگی کرنے کا موقعہ ملا اور اُنہوں نے کیڈٹوں اور ان کے تربیتی انسٹرکٹروں کے عزم کو سراہاجنہوں نے کووِڈ کے باوجود تربیت میں اتنی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔این سی سی کیڈٹوں کو اتحاد، نظم و ضبط ، ثقافت اور ورثہ کے برانڈ سفیر قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے قومی کیڈٹ کور (این سی سی) جیسی آرگنائزیشنوں میں شمولیت کرنے کے لئے کہا جو نظم و ضبط اور ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموں و کشمیر اور لداخ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرکے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو این سی سی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے خوشی کا اِظہار کیا کہ رواں سال جموں و کشمیر اور لداخ ڈائریکٹوریٹ کو ڈی جی کمنڈیشن کے علاوہ رکھشا منتری اور رکھشا راجیہ منتری سے ایوارڈ بھی حاصل ہوئے۔ انہوں نے کیڈٹوں کو صلاح دی کہ وہ تجربے حاصل کر کے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں تاکہ مستقبل کی کاوشوں میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوں۔یوم جمہوریہ کیمپ میں اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی کیڈٹ اقرأ فیاض نے اپنے تجربات بانٹیں۔ اسی طرح کیڈٹ امان سنگھ نے یوم جمہوریہ پریڈ کے لئے جموں و کشمیر اور لداخ دستہ کا ایک حصہ بننے کے لئے سخت سکریننگ اور سلیکشن کے عمل کے بعد سنہری موقعہ ملنے پر مسرت کا اِظہار کیا۔ این سی سی کے دستہ کی کلچرل ٹیم نے ’’این سی سی کا نعرہ ،آتما نربھربھارت ہمارا‘‘کے الفاظ کے ساتھ ایک گیت سنایاجس کو ایک این سی سی کیڈٹ نے لکھا تھا۔تبادلہ خیال کے اختتام کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے کیڈٹوں کے ساتھ ایک گروپ تصویر لی۔اِس موقعہ پر سیکرٹری سکول محکمہ تعلیم بشواجیت کمار سنگھ،سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ سرمد حفیظ ، اے ڈی جی ، این سی سی جے کے اینڈ ایل ڈائریکٹوریٹ بریگیڈئیر این آر بابو، کنٹیجنٹ کمانڈر او سی او ، 1 جے اینڈ کے گرلز بٹالین کرنل پی بھاومک، اے این او، اَفسران اور انسٹرکٹرس موجود تھے۔
لیفٹینٹ گورنر کانوجوانوں پراین سی سی میں شامل ہونے پرزور
