لیفٹیننٹ گورنر کے والدین کو 5 مشورے

سرینگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بچوںکی ذہنی صحت کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک خاکہ پیش کیاجس میں بچوں کی ذہنی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے5 باتوں کا ذکر کیا گیا ہے۔خاکہ پیش کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ کورونا وبا ء کے بیچ بچوں کی ذہنی صحت کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کیساتھ غیر مشروط و بے پناہ محبت کریں تاکہ وہ اپنے آپ کو محفوظ محسوس کر سکیں۔ والدین سے کہا گیا ہے کہ بچوں کی بات کو غور سے سنیں اور ان کیساتھ عزت سے پیش آئیں، بچوں کیساتھ جذباتی طور جڑے رہیں، ان کیساتھ مناسب وقت گذاریں اور جب بچے ضرورت محسوس کریں تووالدین ان کیلئے دستیاب رہیں اور حوصلہ شکنی کے بجائے ان کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کریں۔قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے بند ہونے سے بچوں کی ذہنی صحت پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔