لیفٹیننٹ گورنر کی ڈاکٹروں کیساتھ ویڈیو کانفرنس

جموں//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے منگل کو ڈاکٹروں کیساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تبادلہ خیال کیا اور جموں کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور بہتر نظامت کے تعلق سے اُن کی تجاویز طلب کیں ۔ تبادلہ خیال کے دوران مختلف امور کے بارے میں بات چیت ہوئی جن میں پروٹیکٹو گئیر کی حصولیابی ، ٹیسٹنگ صلاحیت کو بڑھانا اور کووڈ 19 سے متعلق بیداری پیدا کرنے جیسے معاملات شامل ہیں ۔  لیفٹینٹ گورنر نے کورونا وائرس کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے جامع کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے سے کہا کہ وہ مریضوں کا علاج کرنے کے دوران اپنے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ انتظامیہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائین ورکروں کو پی پی ایز ، این 95 ماسک ، گلوئوز اور دیگر سامان مہیاء کرائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم ساز و سامان کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس تحفظاتی سامان کے استعمال میں معقولیت لائی جانی چاہئیے ۔ اس موقعہ پر دیگر بیماریوں میں مبتلاء مریضوں کے علاج و معالجہ کے حوالے سے بھی متعد دتجاویز طلب کی گئیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کووڈ مریضوں کے بغیر دیگر مریضوں کی طرف بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور انہیں کسی بھی سطح پر نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ مریضوں کے علاج کی طرز پر ان مریضوں کے علاج میں بھی لازمی پروٹوکول پر عمل کیا جانا چاہیے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے داکٹروں کو صلاح دی کہ ان مریضوں کیلئے بھی ہر طرح کی بنیادی سہولیات بہم کرائی جانی چاہیے ۔ ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کی طرف سے کووڈ 19 سے متعلق بیداری پیدا کرنے کا جائیزہ لیتے ہو ئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بیداری مہم میں سوشل میڈیا ، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ تمام وصیلوں کو بروئے کار لایا جانا چاہئے تا کہ عام لوگوں میں اس وباء سے متعلق بیداری پیدا کی جا سکے ۔ ایل جی نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی لوگوں تک پیغامات پہنچانے کیلئے مذہبی لیڈروں سے رابطہ قائم کیا ہے اس کے علاوہ ایڈوائیزریوں اور دیگر پہلوؤں سے متعلق معمول کے مطابق سرکاری اعلانات کئے جاتے ہیں جن کے زمینی سطح پر بہتر نتایج حاصل ہو رہے ہیں ۔ ڈاکٹروں نے اس موقعہ پر پروٹیکٹو گئیر مقامی سطح پر حاصل کرنے کیلئے حکومت کی منظوری کا معاملہ اٹھایا جس کے ردِ عمل میں ایل جی نے کہا کہ ڈاکٹر مقامی سطح پر ماسک اور دیگر احتیاطی سامان خرید سکتے ہیں تا ہم اس میں معیار کا پرکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کو رہائشی سہولیات بہم کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا ۔