لیفٹیننٹ گورنر کی سنت ہرے رام داس پبلک سکول منڈل کی سالانہ تقریب میں شرکت

 جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے منڈل میں سنت ہرے رام داس پبلک اسکول کے سالانہ دن کی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پرلیفٹیننٹ گورنر نے شری ہرے رام داس جی مہاراج کی تحریر کردہ کتاب ” ہمالیہ ناردیا انترنگ بہرنگ یوگ سادھنا “ کا اجراءکیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے متوازن تعلیم کو فروغ دینے پر زور دیا جو سائینس ، صنعت 4.0 ٹیکنالوجیز سکھاتی ہے اور قدر پر مبنی علم بھی فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کیلئے کامیابی زیادہ نمبر حاصل کرنے کی دوڑ نہیں ہونی چاہئے بلکہ زندگی میں قدروں کی وافر دولت حاصل کرنے کیلئے ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سائینسی اور تکنیکی علم کے علاوہ ہمیں قدر پر مبنی تعلیم پر بھی توجہ دینی چاہئے ، انفرادی ترقی کیلئے ماحول بنانا چاہئے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم ڈیجیٹل دور میں رہ رہے ہیں جہاں ہم ای لرننگ کے ذریعے کچھ بھی سیکھ سکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ قدر پر مبنی علمی نظام کے ذریعے نوجوان ذہنوں کی تشکیل کیلئے طلباءاور اساتذہ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سیکھنے کو زندگی بھر کا عمل قرار دیتے ہوئے طلباءکے ساتھ ساتھ تدریسی برادری کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا کہ وہ علم کی پیاس رکھیں اور روشن مستقبل کی رہنمائی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تعلیمی ماحولیاتی نظام میں مسلسل اصلاح کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ نئی تعلیمی پالیسی مسلسل سیکھنے اور اختراع کیلئے ساز گار ماحول کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتی ہے ، نوجوانوں کیلئے مسلسل بدلتی ہوئی دُنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط بنیاد ڈالتی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ پنڈت مدن موہن مالویہ جیسے عظیم وژن کے نظریات پر عمل کریں اور ملک کی ترقی اور سماج کی تشکیل نو میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے طلباء، فیکلٹی ممبران اور اسکول انتظامیہ کو بسنت پنچمی کے مبارک موقع پر اپنا سالانہ دن منانے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے منڈل اور ملحقہ دیہات کے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کی کوششوں پر اسکول سے وابستہ لوگوں کی تعریف کی اور اسکول کے قیام میں مقامی لوگوں کے تعاون کی بھی تعریف کی ۔ شری ہرے رام داس جی مہاراج نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت یو ٹی حکومت سے جموں و کشمیر میں مزید خوشحالی اور ترقی لانے کی امید ظاہر کی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس دن کے موقع پر اسکول کے احاطے میں ’ مولسری ‘ کا پودا بھی لگایا ۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر نے منڈل کے شو مندر میں پوجا کی اور بسنت پنچمی کے موقع پر خصوصی پوجن کیا ۔ سالانہ دن کی تقریب کا آغاز روائتی چراغ روشن کے ساتھ ہوا جس کے بعد طلباءکی طرف سے سرسوتی وندنا اور اسکول کے فیکلٹی ممبران کی طرف سے بھجن پیش کئے گئے ۔ اسکول کے ٹرسٹی دیو راج کھجوریہ نے اسکول کے کام کاج اور سماج کے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کو دی جانے والی مدد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجے شرما پرچاریہ سنت ہرے رام داس اسکول نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جموں انشول گرگ ، سابق قانون سازوں ، پی آر آئی کے نمائندے ، مذہبی رہنما ، طلباءاور ان کے والدین اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے ۔ 
 

چیئرپرسن ڈی ڈی سی رام بن لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقاقی

پیرا ایتھلیٹ چندیپ سنگھ اورچیئرپرسن ڈی ڈی سی رام بن لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی

جموں// پیرا ایتھلیٹ سردار چندیپ سنگھ نے ہفتہ کے روز راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے چندیپ سنگھ کو 11-12 دسمبر 2021 کو استنبول، ترکی میں منعقدہ 9ویں عالمی پیرا تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں مردوں کے پلس 80 کلوگرام مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر جموں و کشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔اپنی میٹنگ کے دوران پیرا اولمپک نے جموں و کشمیر اسپورٹس پالیسی 2022 کو منظور کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا۔نوجوان پیرا ایتھلیٹ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ جموں وکشمیر اسپورٹس پالیسی 2022 کا مقصد یوٹی میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور خصوصی طور پر معذور کھلاڑیوں کی ضروریات کو پورا کرنے پر خصوصی زور دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے کھیلوں کو مزید فروغ دینا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے 9ویں عالمی پیرا تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پیرا ایتھلیٹ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں یوٹی انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ مستقبل کے ایونٹس میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے اپنی تربیت جاری رکھیں۔ادھرچیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل رام بن شمشاد شان نے سنیچر کوراج بھون جموں میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نے ڈی ڈی سی ممبران گلشن پروین اور بشیر احمد رونیال کے ہمراہ لیفٹیننٹ گورنر کو میمورنڈہ پیش کیا جس میں رام بن کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات اور فلاح و بہبود سے متعلق کئی مسائل اور مطالبات شامل تھے۔مطالبات میں لمبر بانہال اور سنگلدان کے پہاڑی علاقے میں اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر شامل ہے۔ ریلوے کی تعمیر اور قومی شاہراہوں کے منصوبوں میں مقامی لوگوں کو ملازمت دینا؛ چاچاوہ-انڈ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی، ہروگے میں چپران نالہ پر پل کی تعمیر، رام بن میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل، بجلی کی فراہمی میں اضافہ اور دیگر مطالبات شامل تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈی ڈی سی رام بن کی چیئرپرسن اور ممبران کی طرف سے پیش کردہ مسائل اور مطالبات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں متعلقہ محکموں کی طرف سے میرٹ پر حقیقی مسائل کے ازالے کے لیے مناسب کارروائی کا یقین دلایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پنچائتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے مسائل کو فروغ دینے اور بنیادی سطح پر فیصلہ سازی کے عمل میں فعال شمولیت کے ساتھ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔