عظمیٰ نیوز سروس
سانبہ// بیساکھی کے پرمسرت موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گرودوارہ ابتل، رام گڑھ، سانبہ میں حاضری دی۔ انہوں نے امن، خوشحالی، خوشی اور سب کی بھلائی کے لیے دعا کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے گرو گوبند سنگھ کے ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کے وژن کو یاد کیا۔انہوں نے کہاکہ گرو گوبند سنگھ کا بے لوث خدمت، سچائی، قربانی، مساوات اور عالمگیر محبت کا پیغام ہم سب کے لیے الہام کا ایک لازوال ذریعہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان نظریات پر عمل کریں جو گرو گوبند سنگھ نے اپنی پوری زندگی میں اپنائے اور غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی بہتری کے لیے انتھک جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس بیساکھی پر آئیے ہم گرو گوبند سنگھ صاحب کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا عزم کریں۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے جلیانوالہ باغ قتل عام میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہیدوں کی ہمت اور عظیم قربانی ہمیں ان کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کے لیے تحریک دیتی رہے گی۔ اس موقع پر پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلی حکام، مذہبی سربراہان، سرکردہ شہری، کمیونٹی کے عمائدین اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے اور انہوں نے گرودوارہ صاحب میں حاضری دی۔