جموں//محکمہ داخلہ نے جموں و کشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو کی حفاظت کے لئے خصوصی سیکورٹی فورس کے قواعد نوٹیفائی کئے ہیں۔خصوصی سیکورٹی فورس سے منسلک اہلکاروں کو بنیادی طور پر جموں و کشمیر پولیس سے تین سال کی ڈیپوٹیشن پر اس سیکورٹی فورس میں بھیجاجائے گاجن کی ایک سال کی توسیع ہوسکے گی۔یہ اہلکارڈائریکٹر کی سفارش اور لیفٹیننٹ گورنر سے پیشگی اجازت پر مامور ہوںگے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں سابق گورنر ستیہ پال ملک کے ابتدائی دور میں علیحدہ اسپیشل سیکورٹی فورس (ایس ایس ایف) کے قیام کے قواعد وضع کئے گئے تھے۔قواعد کے مطابق ایس ایس پی رینک والے پولیس افسر کو لیفٹیننٹ گورنر کی رضامندی کے ساتھ نائب گزیٹیڈ پولیس افسران ، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور دیگر پولیس افسران کے ساتھ ڈائریکٹر فورس کا تقرر کیا جائے گا۔فورس میں تعینات اہلکار جموں و کشمیر پولیس سے تین سال کی مدت کے لئے ڈیپوٹیشن پر ہوں گے اور ان کی تقرری مناسب تصدیق کے بعد ہی ہوگی۔پولیس سربراہ کے ذریعہ تشکیل دیئے جانے والے بورڈ آف آفیسر کے ذریعہ ان کا امتحان لیا جائے گا ، جس میں فورس کا ڈائریکٹر بھی ممبر ہوگا۔دریں اثنا اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے کے لئے حکومت نے 21 سے 45 سال کی عمر کے گروپ کی پانچ فٹ اور 9 انچ کی اونچائی کے ساتھ طے کی ہے۔ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر مامور افسران کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان اور پانچ فٹ اور 9 انچ اونچائی کے درمیان طے کی گئی ہے۔