لیفٹیننٹ گورنر کا جائزہ، ویکسین کی 100فیصد دوسری خوراک کیلئے ایک ہفتہ کی حد مقرر

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل کووِڈ ٹاسک فورس کے ارکان ، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس پیز کے ساتھ میٹنگوںکے دوران جموںوکشمیر میں کووِڈ صورتحال کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دفاع کی اہم لائن اَب ٹیکہ کاری ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے لئے کافی سامان حاصل کر لیا ہے اور زیادہ سے زیادہ اِستعمال کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کووڈ ٹیکہ کاری کے دوسرے ڈوز کیلئے ایک ہفتے کی ٹائم لائن مقرر کی۔اُنہوں نے کووِڈ ۔19 کے اَثرات کو کم کرنے کے لئے مؤثر اور فوری اِقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے میں غیر علامتی جانچ اور کانٹیکٹ ٹریسنگ کو اہم ٹولز قرار دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس پیز اور محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں ، شاپنگ کمپلیکس اور دیگر عوامی مقامات پر کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کو سختی سے نافذ کریں۔ اُنہوں نے محکمہ صحت کو فوری کارروائی کے لئے تمام متعلقہ ڈیٹا کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کے لئے مخصوص ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو یہ بھی ہدایات دیں کہ وہ عوامی اِجتماعات پر پابندیاں جاری رکھیں۔ اِس کے علاوہ ترجیحی بنیادوں پر مثبت معاملات میں اِضافے والے علاقوں میں ریڈ زون اور مائیکرو کنٹین منٹ زون کا اعلان کیا جائے۔میٹنگوں کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے کووِڈ مینجمنٹ کے مختلف اہم پہلوئووں اور گزشتہ میٹنگوں میں منظور کی گئی ہدایات پر عمل در آمد کے بارے میں ضلع وار رائے طلب کی۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ اَضلاع میں آکسیجن پلانٹوں کی فعالیت کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور آپریشنل تیاری کے لئے او جی پیز کا آڈِٹ کرائیں۔میٹنگ میں جموںوکشمیر یوٹی میں انفیکشن کے پھیلائو کو زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹنے اور اِس پر قابو پانے کے لئے آگے بڑھنے کے طریقے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ وویک بھارد واج نے میٹنگ کو کووِڈ ۔19 کی صورتحال کے ضلع وار تجزیہ ، جموںوکشمیر یوٹی میں مثبت شرح کی موجودہ صورتحال ، جانچ اور ویکسی نیشن کے بارے میں جانکاری دی ۔اُنہوں نے کہا کہ تقریباً59 فیصد آبادی کو کووِڈ ویکسین کی دوسری خوراک دی جاچکی ہے۔دریںاثنا لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں ڈینگی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو مؤثر روکتھام کی کوششوں کی ہدایت دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ ایک مرکزی ٹیم جموں میں ہے تاکہ یوٹی میں زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔میٹنگوں میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ اتل ڈولو ، پرنسپل سیکرٹری تعمیرا ت عامہ ( آر اینڈ بی ) شیلندر کمار ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، آئی جی پی کشمیر وِجے کمار ، صوبائی کمشنر جموں راگھو لنگر ، ضلع ترقیاتی کمشنران اور ایس ایس پیز نے ذاتی طور پر اور بذر یعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔