لیفٹیننٹ گورنر نے رنبیر کنال ، جموں ۔ اکھنور سڑک کی کشادگی کے مقامات کا دورہ کیا | بیساکھی سے قبل رنبیرنہر کی صفائی مکمل کی جائے | جموں۔اکھنور سڑک پر فلائی اوورکی تکمیل اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی ہدایت

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں۔اَکھنورسڑک کا دورہ کر کے رنبیر کنال کی صفائی عمل کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور جموں ۔ اَکھنور سڑک کی کشادگی کے منصوبے پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔نہر کی صفائی کے لئے وضع کردہ طریقۂ کار کے بارے میںجانکار ی حاصل کرنے کے دور ان لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو بیساکی سے قبل نہر کی صفائی کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لئے لازمی اِقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے نہر کی تمام ندیوں کی فوری صفائی پر بھی زور دیا اور کام یومیہ بنیادپر نگرانی کرنے کے لئے افسروں سے کہا تاکہ کسان دستیاب پانی سے بروقت اِستفادہ کرسکیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ کام کو مکمل کرنے کے لئے فعال اِقدامات اُٹھائے تاکہ ایک ہفتے کے اندر مثبت نتائج سامنے آسکے۔انہیں جانکاری دی گئی کہ نہر کی صفائی کے لئے ٹینڈر جاری کئے گئے اور انہیں کام مکمل کرنے کی یقین دہانی کی۔میونسپل کوڑاکرکٹ کو نہر میں خارج کرنے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ محکموں اور عمل آوری ایجنسیوں کے مابین آپسی تال میل برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوںنے کہا کہ نہر کی مؤثر صفائی ستھرائی کے لئے جامع طریقۂ کار وضع کیا جائے۔دریں اثنأ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں۔اکھنور کو توسیع دینے کے منصوبے پر پیش رفت کا بذات خود جائزہ لیا اور کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ جموں۔اکھنور سڑک پر فلائی اوورکو مقررمدت کے اندرمکمل کرکے تعمیراتی کاموں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے پر زور دیا۔