لیفٹیننٹ گورنر نے جی ایم سی جموں کا اچانک معائینہ کیا | سینئر ڈاکٹروں کو کووڈ مریضوں کا علاج و معالجہ کرنے کی ہدایت

 جموں // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کوگورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا اچانک معائینہ کیا اور وہاں داخل کووڈ اور دیگر مریضوں کو فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران  لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف طبی شعبوں کا چکر لگایا اور لازمی طبی ساز و سامان اور دیگر طبی آلات کی دستیابی کے بارے میں پوچھ تاچھ کی ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کووڈ 19 وباء سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ لوگوں کی جانب سے آکسیجن کی قلت سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے  لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کووڈ وباء کے خلاف لڑائی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو وسائل کو منظم کر کے موجودہ مسائل کو حل کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے سینئر ڈاکٹروں کو کووڈ مریضوں کا علاج و معالجہ کرنے کی ہدایت دی ۔  لیفٹیننٹ گورنر نے ایمر جنسی وارڈ ، ہائی ڈپنڈینسی یونٹ اور دیگر یونٹوں کا معائینہ کرنے کے بعد اعلیٰ افسروں کی ایک میٹنگ منعقد کی ۔  لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی گئی کہ ضرورت کے مطابق آکسیجن کی سپلائی بحال کی گئی ہے اور فی الوقت ہسپتال میں آکسیجن کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ دورے کے دوران  لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ چیف سیکرٹری ، فائنانشل کمشنر صحت ،  لیفٹیننٹ گورنر  کے پرنسپل سیکرٹری ، صوبائی کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں ، پرنسپل جی ایم سی ، ایڈمنسٹریٹر ایسوسی ایٹڈ ہسپتال اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ 

بیک ٹو ولیج سوم  |  اَتل ڈولو نے جھجر کوٹلی میں عوامی شکایات سنیں

جموں//فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اَتل ڈولو نے منگل کو جھجر کوٹلی پنچایت بلاک کونسل کا دورہ کیااور بی ٹو وی3 کے تحت عوامی شکایات کی مانگوں کی شنوائی کی۔فائنانشل کمشنر نے پی آر آئی ممبر اور مقامی لوگوں سے تبادلہ خیال کیااور بجلی کی ترسیل میں باقاعدگی کی شکایت، دمنی پرائمری سکول کا درجہ بڑھانے ، جھجر کوٹلی کی ذیلی سڑکوں کی تعمیر و تجدید ، جھجر کوٹلی کو سیاحتی نقشے پر لانے ، پی ایچ سی دنسل کوایس ڈی ہسپتال کا درجہ دینے کے معاملات کی شنوائی کی۔فائنانشل کمشنر نے گزشتہ بیک ٹو وِلیج پروگرام کے کاموں کا معائینہ کیا ۔اُنہوں نے پرائمری ہیلتھ سینٹر ، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول ، ریپڈسیند فلٹریشن پلانٹ ،جھجر کوٹلی میں زیر تعمیر ہٹ او رکیفیٹریا پر جاری کام کا بھی معائینہ کیا۔اتل ڈولو نے محکمہ کے اعلیٰ افسروں کو عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے کہا کہ بی ٹو وی3  پروگرام لوگوں کی خدمت کیلئے ایک اہم موقعہ ہے جس کو گنوانا نہیں چاہیے اور لوگوں کے تمام مشکلات کا حل یقینی بنانے کیلئے کوشاں رہنا چاہئے ۔
 
 

 بھٹناگر کا ریاسی دورہ ،زیر تعمیر منڈی کا معائینہ کیا 

ریاسی/// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ضلع ریاسی کے بلاک پونی کے پنچائت حلقہ کھیرلئیر کا بی 2 وی 3 پروگرام کے تحت دورہ کیا اور پنچائتی راج اداروں کے نمائندوں اور عام لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے اُن کی ترقیاتی ضروریات اور مانگوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ مشیر نے گرام سبھا کی صدارت کی جس میں سماج کے مختلف طبقوں نے حصہ لیکر علاقے کی ترقیاتی ضروریات سے متعلق مانگیں پیش کیں ۔ گرام سبھا کے دوران جو مسائل اجاگر کئے گئے اُن میں پنچائت حلقہ کے مختلف علاقوں میں پانی کی سخت قلت ، کھجور سے کھیر لئیر پنچائت تک سڑک کی تعمیر ، پی ایم جی ایس وائی کے تحت پوریا سے پیلیولین تک سڑک کی تعمیر ، پنچائت اور بلاک سطحوں پر معدنیاتی صغیرہ کی فراہمی شامل تھے ۔ مشیر نے انہیں بغور سُنا اور کہا کہ یو ٹی انتظامیہ لوگوں کو اُن کی دہلیز پر ہی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ اس موقعہ پر گرہ پرویش تقاریب بھی منعقد ہوئی جس کے دوران مشیر نے حال ہی میں تعمیر کئے گئے پی ایم اے وائی مکانات کے مالکان میں پی ایم اے وائی کٹس تقسیم کیں ۔ مشیر نے والی بال ٹورنا منٹ کا بھی افتتاح کیا اور کھیل مقابلہ کے فاتحین میں اسناد تقسیم کئے ۔