لیفٹیننٹ گورنر سے متعدد شخصیات اور وفود ملاقی

سرینگر//اننت ناگ سے رکن پارلیمنٹ مسٹر حسنین مسعودی ، سابق قانون سازوں اور پشمینہ ایکسپورٹرز اینڈ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن ( پی ای ایم اے ) کے ایک وفد نے کل یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ ممبر پارلیمنٹ مسٹر حسنین مسعودی نے لفٹینٹ گورنر سے یومیہ اجرت اور ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسی طرح سابق وزیر عمران رضا انصاری نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور یو ٹی کے جاری ترقیاتی عمل پر اپنے خیالات پیش کرنے کے علاوہ عوامی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ سابق قانون ساز مسٹر سریندر امباردار نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے سرینگر کے پنتھہ چوک میں یاتری نواس کی تعمیر کیلئے لفٹینٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا ۔دریں اثنا ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ وی سی جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کی قیادت میں پشمینہ برآمد کنندگان نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں پشمینہ شال کی صنعت کے موجودہ منظر نامے سے آگاہ کیا ۔ پی ای ایم اے کے وفد میں اس کے صدر طارق احمد ڈار اور عہدیداران شیخ عمران راشد اور شیخ عبدالمنان شامل تھے ۔ وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے سرشار کوششیں کی جا رہی ہیں اور مختلف پروموشنل اسکیموں اور امکانات کا جائیزہ لیا جائے گا تا کہ اس کا ٹیج انڈسٹری کو موثر طریقے سے فروغ دیا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ کاریگروں ، بنکروں اور کاریگروں کی ترقی کیلئے یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے مختلف اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کاریگروں اور بنکروں میں بیداری پھیلا کر اس کے فوائد نچلی سطح تک پہنچیں ۔