سرینگر//نوجوان صحافی مدثر علی کی وفات پر جموں کشمیر کے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا،نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ،نائب صدرعمر عبداللہ،پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی،اپنی پارٹی کے صدرالطاف بخاری،لیفٹینٹ گورنر کے صلاح کار بصیراحمد خان،نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی،پی ڈی ایف سربراہ حکیم یاسین،اپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر،سابق مرکزی وزیر پروفیسرسیف الدین سوز،عوامی ایکشن کمیٹی،عوامی نیشنل کانفرنس ،مرکزی وقف بورڈ ممبرڈاکٹر درخشان اندرابی،ناظم اطلاعات،ایڈیٹرس گلڈ،صحافتی تنظیمیں،ملازم انجمنیں ،تجارتی ،رضاکاروفلاحی تنظیموں نے رنج وغم کااظہار کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے گریٹر کشمیر کے صحافی مدثر علی کے اچانک اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔ اَپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوان صحافی مدثر علی کی بدقسمتی سے موت کی خبر سُن کر بہت دُکھ ہوا ہے ۔اُنہوں نے مرحوم کی روح کے اَبد ی سکون کے لئے دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبے، دوستوں اور ساتھیوں سے دلّی ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبدااللہ نے نوجوان صحافی مدثر علی کے عہد جوانی میں فوت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہارکرتے ہوئے ان کے والدین اور گریٹر کشمیر کے عملہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ مدثر علی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کہا کہ مدثر نے کم عمری میں ہی صحافت کے میدان میں اپنا لوہا منوایا تھا اور اُن کی عہد جوانی میں موت سے صحافتی میدان میں ایک بڑا خلاء پید اہوگیا ہے۔
عمر عبداللہ
سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ مدثر علی کے انتقال کی خبر سننا کسی صدمہ عظیم سے کم نہیں۔ انہوں نے کہاصحافتی میدان میں ان کا ایک روشن مستقبل تھا لیکن اللہ تبارک و تعالیٰ کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مدثر علی نے کئی بار میرا انٹرویو لیا ہے اور میں نے متعدد بار اُن کے سخت سوالات سے بچنے کی کوشش کی ہے،مدثر ایک پکے اورمنجھے ہوئے رپورٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک شائستہ انسان تھے۔‘‘
محبوبہ مفتی
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اظہار غم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’مدثر علی کی اچانک رحلت کی خبر سن کر مجھے صدمہ ہوا، میں انہیں کئی برسوں سے جانتی تھیں، وہ ایک اچھے انسان تھے، مجھے ابھی بھی یقین ہی نہیں ہو رہا ہے۔ اللہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔‘‘
بصیر خان
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نے گریٹر کشمیر کے نوجوان اور اُبھرتے ہوئے صحافی مدثر علی کے انتقال کرنے پر گہرے رنج و غم کا اِظہارکیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں مشیربصیر خان نے کہا کہ مدثر علی ایک باصلاحیت اور محنتی صحافی تھے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کو پوری لگن کے ساتھ سرانجام دیا۔
نیشنل کانفرنس
نیشنل کانفرنس کے جنر ل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر، ترجمان عمران نبی ڈار، معاون ترجمان سارا حیات شاہ اور ضلع صدر بڈگام عبدالاحد ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے مرحوم کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
الطاف بخاری
اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری نے معروف صحافی مدثر علی کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں بخاری نے مدثر کو پیشہ ور صحافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے صحافتی اقدار کے ساتھ کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ’’مرحوم شریف النفس اور ملنسار تھے جس کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی، اگر چہ نوجوان مگر ایک منجھاہوا صحافی تھا جوکہ اپنی نیوز سٹوریوں میں حیرت انگیز اور تحقیقی چیزیں سامنے لاتے تھے اور ہمارے انتظامی نظام میں پائی جارہی خامیوں کو بھی بھر پور اُجاگر کیا‘‘۔
عوامی ایکشن کمیٹی
عوامی مجلس عمل نے مدثر علی کی اچانک رحلت پر شدید دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اْن کی وفات کو صحافتی برادری کیلئے ایک بڑا نقصان اور خسارہ قرار دیا۔اپنے تعزیتی بیان میں میرواعظ عمر فاروق کی طرف سے مرحوم کے لواحقین اور گریٹر کشمیر سے وابستہ عملہ کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔
تاریگامی
سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر یوسف تاریگامی نے مدثر اعلیٰ کی وفات پر دکھ کا اظہار کر کے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافتی میدان میں مدثر علی کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔تاریگامی نے کہا کہ مدثر کی موت سے ہم ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہوگئے ہیں۔
حکیم یاسین
پی ڈی ایف صدر اور سابق وزیر حکیم محمد یاسین نے مدثر علی کے انتقال پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک ہونہار صحافی ہونے کے ساتھ خوش اخلاق اور زندہ دل شخصیت کے مالک بھی تھے،اور انکے چلے جانے سے صحافتی حلقے میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔حکیم یاسین نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔
پی ڈی پی
پی ڈی پی نے مدثر علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عبدارحمان ویری، جنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ، سابق وزیر نعیم اختر،ترجمان سہیل بخاری اور یوتھ لیڈر طاہر سعید نے مدثر علی کے صحافتی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان صحافی اپنے منفرد انداز کے صحافتی تحریر کیلئے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مدثر علی کی اعلیٰ درجہ کی رپورٹنگ نئے اور نوجوان صحافیوں کیلئے ایک مشعل راہ ثابت ہونگے۔
غلام حسن میر
اپنی پارٹی کے سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے معروف صحافی مدثر علی کی موت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انکی موت سے نہ صرف انکا اہل خانہ نقصان و غم سے دوچار ہوا بلکہ یہ نقصان اور غم پوری صحافتی برادری کو بھی ہے۔
پرفیسر سوز
کانگریس کے سنیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے گریٹر کشمیر سے وابستہ صحافی مدثر علی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدثر علی کی موت سے بالخصوص گریٹر کشمیر جبکہ بالعموم کشمیری صحافتی برادری کو نا قابل برداشت نقصان ہوا۔
عوامی نیشنل کانفرنس
عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر خالدہ شاہ نے نوجوان صحافی مدثر علی کی اچانک موت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کے سینئر نائب صدر مظفر احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرحوم مدثر علی ایک ذہین نوجوان صحافی تھے اور ان کی وفات سے ریاست ایک عظیم صحافی سے محروم ہوگئی ہے۔
درخشاں اندرابی
بھاجپا کی خاتون لیڈر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے مدثر علی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک اعلیٰ درجے کے انسان تھے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مدثر علی کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
ناظم اطلاعات
ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ ، ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے سینئر صحافی مدثر علی کی اچانک انتقال پر اظہار تعزیت کا اظہار کیا۔اِس سلسلے میں ڈائریکٹر اِنفارمیشن کے دفتر میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مدثر علی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اِظہار کیا گیا۔ڈاکٹر سحرش نے اَپنے خطاب میں کہا کہ ان کی موت معاشرے کے لئے بہت بڑا نقصان ہے کیونکہ انہوں نے اپنے صحافتی کام کے ذریعہ مقامی عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
صحافتی انجمنیں
کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے مدثر علی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ2ماہ میں یہ دوسرے نوجوان صحافی کی حرکت قلب بند ہونے سے موت کا واقعہ ہے۔انہوں نے رپورٹروں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے تابناک مستقبل کے عہد میں انکی موت واقع ہوئی۔ا نجمن اردو صحافت جموں و کشمیر کے صدر تمام عہدہ داران اور ممبران نے مدثر اعلی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے مرحوم کے وفات پر سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور مرحوم کے حق میں دعا مغفرت کی ہے ۔ ایوان صحافت کشمیر نے مدثر علی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انکی موت کو صحافتی حلقوں کیلئے ایک نقصان قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مدثر علی ایک محنتی صحافی تھے،جنہوں نے اپنی سخت محنت کی وجہ سے اپنے دوستوں میں ایک الگ پہچان بنائی تھی۔ ایوان صحافت کشمیر کے منتظمین کا کہنا تھا کہ مدثر کی موت سے ایک خلا پیدا ہوا ہے۔کے این ایس میڈیا گرپ کے منیجنگ ڈائر ایکٹر محمد اسلم بٹ نے مدثر اعلی کی وفات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے چرار شریف دفتر پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں کے این ایس کے ابو نعیم اللہ، برایٹر کشمیر کے ارشید حسین، روزنامہ جنگ کے عادل سلام، منظور پکھر پوری، میر غضنفر سی این ایس، سجاد احمد فور ٹی وی، نوید احمد کے این او، عاشق حسین اے این آئی، شیر شیران، کرنٹ نیوز آف انڈیا، سلیم چراری اور صحافی برادری سے وابستہ دوسرے لوگوںنے شرکت کر کے مرحوم صحافی کو خراج تحسین پیش کیا۔جرنلسٹ ایسوسی ایشن ترال ،روزنامہ ایشن میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل نے مدثر علی کی وفات کو کشمیر صحافت کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ کالم نگاراحمد کشمیری،ملک نیوز ایجنسی آرونی، کشمیر عظمیٰ نامہ نگار سوپور غلام محمد اور نامہ نگار کولگام خالد جاوید،ینگ جرنلسٹس ایسو سی ایشن،ملٹی میڈیا اینڈ براڈ کاسٹنگ جرنلسٹس ایسو سی ایشن کے سربراہ سید تجمل نے بھی مدثر علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔جرنلسٹس اینڈ رائٹرس ایسو سی ایشن کپوارہ نے روزنامہ گریٹر کشمیر سے وابستہ معروف صحافی مدثر علی کے اچانک فوت ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی اچانک موت کو ایک بڑے نقصان سے تعبیر کیا ہے۔جرنلسٹس اینڈ رائٹرس ایسو سی ایشن کے صدر فیاض حمید نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ" مدثر علی ایک منکسر ْالمزاج ‘‘شخص ہونے کے ساتھ ساتھ ایک تجربہ کار صحافی تھے۔ کشمیر نیوز ٹرسٹ(کے این ٹی) کے مدیر اعلی نیاز الہی اور ادارے سے وابستہ دیگر افراد نے بھی نوجوان صحافی کے اچانک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ملازم تنظمیں
محکمہ اطلاعات و عوامی رابطہ عامہ ایمپلائز یونین نے مدثر علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ یونین کے صدر شبیر احمداور نائب صدر بلال احمد راتھرنے مرحوم کے گھر جاکر اہل خانہ بالخصوص برادر جہانگیر علی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔اس دوران رام باغ دفتر میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو خراج عقیدت ادا کیا گیا۔ ڈاکٹرس ایسو سی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے مدثر علی کی وفات کو ایک بڑے نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مدثر علی کی موت سے ہم ایک ایک ہونہار صحافی سے محروم ہوئے۔ ۔ایجیک کے ایک دھڑے کے صدر محمد رفیق راتھر اور سنیئر لیڈر شبیر احمد لنگو اورالیکٹریکل ایمپلائز یونین سرکل پلوامہ نے مدثر علی کے اچانک وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ صداقت کی مشعل کو روشن رکھا اور کھبی بھی صحافتی اصولوں سے سودا نہیں کیا۔ پرائیوٹ اسکولز ایسو سی ایشن کے صدر انجینئر غلام نبی وار نے مدثر علی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کم صحافتی دور میں اپنے ہنر اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔فیاض احمد شبنم کی سربراہی والی ایجیک نے بھی مدثر علی کو یاد کرتے ہوئے انکی موت کو سماج اور صحافت کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
تجارتی انجمنیں
تجارتی انجمنوں نے بھی مدثر علی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے سنیئر صحافی مدثر علی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ایک اعلیٰ انسان اور شریف النفس شخص قرار دیا۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے مدثر علی کو اعلیٰ پایہ کا صحافی اور منجھا ہوا نامہ نگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحافتی اقدار سے کھبی بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک دھڑے کے صدر بشیر احمد راتھرترجمان اعلیٰ ہلال احمد منڈوں اور مشیر اعلیٰ حاجی نظیر احمد شہدار کے علاوہ کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فرنٹ کے نائب صدر فیاض احمد بٹ اور سینٹرل کانٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے سیکریٹری ارشد احمد بٹ نے بھی مدثر علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
سول سوسائٹی
سرینگر//ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر و جموںوکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین مبارک گل ،چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع،ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجیدآخون، ضلع چیئرمین کپوارہ محمد سکندر میر، ضلع چیئرمین بانڈی پورہ تنویر احمد بٹھو نے گریٹرکشمیر کے نامہ نگار مدثر علی کی وفات پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی ہے اور جملہ سوگواران سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ جموں کشمیر سیول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے مدثر علی کو ایک پیشہ وار صحافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لوگوں کے مشکلات کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ کلیدی رول ادا کیا۔ انہوں نے مدثر کی موت کو ذاتی نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک دیانتدار صحافی تھے۔
ڈاکٹر شاہد چودھری
ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد چودھری نے مدثر علی کے انتقال پر رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی موت سے ضلعی انتظامیہ غمزدہ ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعائیں کی۔
کھیل کود
نیشنل اینڈانٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن نے گریٹر کشمیر سے وابستہ صحافی مدثر علی کی موت پر افسوس اکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکی موت کسی سانحہ سے کم نہیں ہے۔انہوں نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔