پانپور// لیتہ پورہ پانپور میں قائم ایک نجی سکول فردوسیہ انگلش میڈیم سکول کو انتظامیہ نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں سربمہر کیا ہے ۔ تحصیلدار پانپور اشتیاق محی الدین نے بتایاکہ سکول انتظامیہ بار بار سرکاری احکامات کی خلاف وزری کر رہا تھا۔انہوںنے بتایا کہ مذکورہ سکول کے حوالے سے انتظامیہ کو بار بار شکایات مل رہی تھیں کہ مذکورہ تعلیمی ادارہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے بعد محکمہ تعلیم نے انہیں مطلع کیا کہ وہ یہاں درس و تدریس کا عمل معطل کرے لیکن اس کے باجود بھی سکول انتظامیہ اپنی سرگرمیوں سے باز نہیں آئی ۔انہوں نے بتایا ’’ سنیچر کے روز انہوں نے مذکورہ تعلیمی ادارے کا دورہ کیا جس دوران چھوٹے چھوٹے8کمروں میں3سو سے بھی زیادہ بچوں کو پایا گیا جہاں کورونا آرام سے پھیل سکتا ہے جبکہ عملہ اور بچے ماسک کے بغیرپا ئے گئے‘‘۔ تحصیلدارموصوف نے کہ جب سے کووڈ کی پہلی لہر آئی ہے تب سے مذکورہ اسکول کے خلاف مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ انتظامیہ کے حکمنامے کے خلاف اس اسکول میں ہمیشہ تعلیم جاری رہتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکول کے خلاف ایف آئی آر کے علاوہ رجسٹریشن بھی معطل ہو سکتی ہے۔
لیتہ پورہ پانپور میں سکول کو سربمہر | سرکاری احکامات کی خلاف ورزی:تحصیلدار
