لیاقت جعفری شہید لالہ جگت نارائین ایوارڈ سے سرفراز

 منڈی //پونچھ کے منڈی علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان شاعر و ادیب ڈاکٹر لیاقت جعفری کو جالندھر پنجاب میں اس سال کے شہید لالہ جگت نارائین ایوارڈ سے نوازاگیاہے ۔ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پنجاب حکومت کے وزیر برائے طب برہام مہندرا، ڈی آئی جی جالندھر ایم سوری اور پنجاب کیسری /ہند سماچار کے سرپرست لالہ جی کے فرزند پدم  شری وجے کمار چوپڑا بھی موجود تھے جس دوران لیاقت جعفری کو یہ اعزاز دیاگیا۔اس سے قبل لیاقت کے اعزاز میں ایک موسیقی پروگرام اور کل ہند مشاعرے کا اہتمام بھی کیاگیاتھا جس میں ملک بھر کے نامور شعراء نے شرکت کی ۔ لیاقت جعفری کو انعامی رقم کے علاوہ توصیفی سند اور شال بھی پیش کیاگیا ۔اس دوران ڈاکٹر لیاقت نے بھی خطاب کیا ۔پونچھ کی سماجی ،سیاسی اور ادبی تنظیموں نے ڈاکٹر لیاقت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوںنے ریاست کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ کا نام بھی روشن کیاہے اور انہیں امید ہے کہ موصوف مزید کامیابیوںسے ہمکنار ہوتے رہیںگے ۔خاص طور پر شہید منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب کے چیئرمین طارق خان ، ادبی تنظیم وراثت دی ہیری ٹیج پونچھ کے چیئرمین آصف میر ،انور خان ، ہارون راٹھور، نجم جعفری اور فاروق قریشی ،سر سید میموریل ایجوکیشن مشن کے چیئرمین پروفیسر سرفراز میر اور انصاف مومنٹ کے چیئرمین جاوید ریشی نے لیاقت جعفری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے پونچھ کانام روشن کیاہے اور وہ ایک تخلیقی شاعر و ادیب ہیں جن کے تئیں وہ نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں ۔