لگاتارتیسرے دن بھی30ہزارسے زائدمعاملے | ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 10.38لاکھ سے متجاوز

نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس کا پھیلائو عروج پر ہے اور گذشتہ تین دن سے مسلسل 30000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 10.38 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔اس سے قبل جمعرات کو 32695 اور جمعہ کو 34956 کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 34884 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 1038716 تک پہنچ گئی ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد 671 سے بڑھ کر 26273 ہوگئی ہے ۔ نئے کیسز کے مقابلے صحت مند مریضوں کی زیادہ تعداد کے باعث قومی دارالحکومت دہلی میں صورتحال بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے ، لیکن مہاراشٹر ، تمل ناڈو ، کرناٹک ، تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، اترپردیش ، گجرات اور مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 2.92 لاکھ ہوگئی ہے ۔ تامل ناڈو میں 1.60 لاکھ اور دہلی میں 1.20 لاکھ سے زائد متاثرین ہوچکے ہیں وہیں کرناٹک 55 ہزار سے زیادہ کیسز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال پر نظر ڈالیں تو سب زیادہ متاثر مہاراشٹر میں 8308 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 258 افراد کی موت ہوئی ہے ۔