لکھنو واقعہ میں گرفتاریاں محض نمائشی نہ ہوں: حکیم

سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین نے مرکزی حکومت اور گورنرانتظامیہ پر زوردیا ہے کہ وہ بیرون ریاستوں میں مقیم کشمیریوں پر حملوں میں ملوثین کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوںنے لکھنو اترپردیشن میں دو کشمیری تاجروں پر حملے میں ملوث 4ملزمان کی گرفتاری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ محض ایف آئی آر درج کرنے اور پریس بیانات سے ہی مقصد حاصل نہیں ہوگا بلکہ مرکزی اور ریاستی گورنرانتظامیہ کو فوری طور سخت اقدامات کرنے چاہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔حکیم نے کہاکہ ان عناصر کے خلاف درج مقدمات ایسے ہی عدالتوں تک پہنچائے جائیں جیسے کہ کشمیریوں کے خلاف محض نعرے لگانے پرغداری کے مقدمے عدالتوں تک پہنچائے جاتے ہیں تاکہ کشمیریوں کو آئندہ حملوں کا شکار نہ ہونا پڑے ۔ انہوںنے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض لیڈران اور سیاسی پارٹیوں میں اعلی رتبوں پر فائز رہنما باربار کشمیریوں کے خلاف بیان بازیاں کرتے رہتے ہیں جس سے ان کشمیر مخالف غنڈوں کو حملے کرنے کا جواز ملتا ہے۔انہوں نے ان سیاسی پارٹیوں کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ اپنے لیڈران کو اس طرح کی اشتعال انگیز بیان بازیوںسے روکیں۔