لڑکیاں ٹیکنالوجی کا انتخاب کریں:ایشا امبانی عالمی لیڈر کے طور پر ابھرنے کیلئے لازمی

عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی// ارب پتی مکیش امبانی کی بیٹی اور ریلائنس انڈسٹریز کی ڈائریکٹر ایشا امبانی نے بدھ کو کہا کہ اگر ہندوستان کو چوتھے صنعتی انقلاب کے اس ڈیجیٹل دور میں عالمی لیڈر کے طور پر ابھرنا ہے تو لڑکیوں کو آگے لانا ہوگا۔ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں لڑکیوں کی شرکت کو بڑھانا ہو گا۔ٹیلی کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے منعقدہ ’گرلز ان آئی سی ٹی انڈیا 2024‘ میں لڑکیوں سے بات کرتے ہوئے امبانی نے انہیں ٹیکنالوجی کو بطور کیریٔر اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ’ ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین اور مردوں کا تناسب یکساں ہونا چاہیے۔ اس کیلئے ہمیں ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے‘۔گرلز ان انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی (جی آئی سی ٹی) انڈیا2024 کا انعقاد مشترکہ طور پر محکمہ ٹیلی کمیونی کیشن، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (جنوبی ایشیا)، انوویشن سینٹر دہلی اور اقوام متحدہ کی دیگر ایجنسیوں نے کیا تھا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے امبانی نے کہا ’’حکومت ضروری اصلاحات کر رہی ہے اور اس کے نتائج بھی نظر آ رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی ورک فورس میں خواتین کی نمائندگی میں گزشتہ دہائی میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن صنعتی دنیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہیں ایسے طریقے اور ذرائع تیار کرنے ہوں گے جو خواتین کے کیریٔر میں استحکام کو یقینی بنا سکیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ ایک ساتھ مل کر ہم ایک ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جہاں ہماری بیٹیوں کو کل کی لیڈر بننے کے مساوی مواقع میسر ہوں‘‘۔انہوں نے کہا کہ خواتین پیدائشی لیڈر ہوتی ہیں۔ ان کی فطری بے غرضی انہیں بہتر رہنما بناتی ہے۔ خواتین ملازمین کی اپنے کیریٔر کے آغاز سے ہی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ صرف کاغذ پر تنوع اور شمولیت دکھانے سے تبدیلی نہیں آئے گی۔