لڑکوتی رابطہ پل کافی عرصہ سے مرمت کا منتظر | چھ ماہ قبل ٹینڈر نکالا گیا ،ٹھیکیدار لاپتہ ،محکمہ خاموش

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے دریائے آنس پر لڑکوتی کے مقام پر تعمیر رابطہ پل گزشتہ کئی عرصہ سے مرمت کا منتظر ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی کام نہیں کیا گیا ہے ۔دو تحصیلوں کو آپس میں جوڑنے والا پل گرنے کی دہلیز پر ہے جبکہ مکینوں کو حادثے کا خطرہ لائق ہے لیکن محکمہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی اس کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ لڑکوتی رابطہ پل سینکڑوں افراد کیلئے دریا عبور کرنے کا واحد راستہ ہے لیکن گزشتہ کئی برسوں سے پل کی حالت انتہائی خستہ ہوتی جارہی ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ پل کی انتہائی خستہ حالت کی وجہ سے اب بزرگوں کا پل سے گزرنا مشکل ہو چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 26برس قبل تعمیر کردہ پل کی مرمت کیلئے متعلقہ محکمہ سے بھی رجوع کیا گیا ہے لیکن ابھی تک لوگوں کیلئے سہولیات میسر نہیں ہوسکی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ پل کی مرمت کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ٹینڈر نکالا گیا تھا لیکن ٹینڈر بھرنے والا ٹھیکیدار ہی غائب ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پہلے ٹینڈر کو منسوخ کر کے دوبارہ سے ٹینڈرنکالنے کا کام اعلیٰ آفیسران کا ہے ۔