لَبَّیکَ اَللّھُمَّ لَبَّیکَ:ضلع ڈوڈہ کے زائرین کا پہلا قافلہ حج بیت اللہ کے لئے روانہ

ڈوڈہ //سالانہ حج بیت اللہ کے لئے ڈوڈہ ،بھدرواہ ، ٹھاٹھری اور گندو کے عازمین کاپہلا قافلہ پیر کے روز سفر ِمحمود کے لئے سرینگر روانہ ہوا۔  ایڈشنل ڈپٹی کمشنر پون پریہار اور ایس ایس پی محمد شبیر نے ضلع سے حج۔2018 کے لئے عازمین کو حج کیلئے راونہ کیا۔عازمین میں ڈوڈہ ،بھدرواہ، ٹھاٹھری اور  151عازمین کے پہلے قافلے میں ڈوڈہ سے 61، بھدرواہ سے39 ، ٹھاٹھری سے 21 اور گندو سے30زائرین شامل ہیں۔عازمین کو سرینگر روانہ کرنے کے لئے ایک رسمی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جہاں سے ان عازمین کو بین الاقوامی ہوائی اڈے سرینگر سے براہ راست جَدہ کے لئے آج (منگل ) کو روانہ کیا جائے گا۔بھدرواہ میں عازمین کو مرکزی جامع مسجد سے پیر کے روز بوقت 8.00بجے ڈوڈہ کے لئے روانہ کیا گیا ۔ اس موقعہ پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد عازمین کو الوداع کرنے کے لئے تواریخی سیری بازار میں اکٹھا ہوئے،جہاں پر انہوں نے ان عازمین کو نیک خواہشات پیش کیں اور انہیں ملک اور ریاست کے امن،ترقی اور خوشحالی کی دعا کرنے کو کہا۔تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد  اور ایس ڈی پی او بھدرواہ توصیف احمد کے ہمراہ اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں تحصیلدار بھدرواہ نے عازمین کو متبرک سفر کے لئے مبارک باد دی اورا نکے محفوظ سفر کی دعا کی۔انہوں نے عازمین سے ملک خصوصاً ضلع کی خوشحالی اور امن و امان و ترقی کی دعا کرنے کی تلقین کی۔دریں اثنا ء  عازمین کو الوداع کرنے کیلئے آئے لوگوں نے ضلع انتظامیہ کی نکتہ چینی کی اور کہا کہ انتظامیہ کی لاپرواہی سے بھدرواہ کے 39 عازمین کے لئے ایس آر ٹی سی کی35سیٹوں والی بس مہیا کی گئی تھی، جسکی وجہ سے عازمین کو مشکلات  کا سامنا کرنا پڑا،جس پر مقامی انتظامیہ نے مداخلت کی اور عازمین کے لئے دوسری بس مہیا کی۔اطلاعات کے مطابق اے ڈی ڈی سی ڈوڈہ محمد حنیف ملک نے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر اور اے ڈی سی ڈوڈہ پون کمار پریہار کے ہمراہ عازمین کو سرینگر کے لئے روانہ کیا۔ رواں سال ضلع ڈوڈہ سے ریکارڈ تعداد میں عازمین فریضہ حج کے لئے جارہے ہیں۔حج2018 نئی حج پالیسی کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔