لوہڑی میلے کا افتتاح

جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے توی کے کنارے پر روائتی انداز میں لوہڑی میلے کا افتتاح کیا۔ یہ تہوار سردیوں کے خاتمے اور بہار کی آمد کے سلسلے میں منایا جاتا ہے۔اس موقعہ پر سیکریٹری سیاحت ریگزن سیمفل ، ناظم سیاحت جموں او پی بھگت اور کئی دیگر افسران موجود تھے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں گورنر کے مشیر نے محکمہ سیاحت کے افسروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے دیگر محکموں کے ساتھ قریبی تال میل قائم کریں۔انہوں نے کٹھوعہ ضلع میں بسوہلی جھیل کو مزید جاذب نظر بنانے پر بھی زور دیا تا کہ ہمسایہ ریاستوں سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو جموں کی سیر کی جانب راغب کیا جاسکے۔خورشید احمد گنائی جو کہ سیاحت محکمہ کے انچارج بھی ہیں، نے اُمید ظاہر کی کہ لوہڑی کا تہوار ریاست میں امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا۔انہوں نے یہ اُمید ظاہر بھی کی کہ یہ سال کسانوں کے لئے خوشحالی کا باعث بنے۔سیکرٹری سیاحت نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات کا خلاصہ پیش کیا۔اس سے قبل ریاستی کلچرل اکاڈمی کے فنکاروں نے لوک سنگیت پیش کر کے حاضرین کو محضوظ کیا۔