لوہر پنچایت نکہ منجہاڑی میں بنیادی سہولیات کا فقدان

 مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی نکہ منجہاڑی لوہر پنچایت میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے اس وقت تک کوئی بھی معیاری سہولیات پنچایت میں دستیاب نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کی دقتوں میں مزید اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پنچایت میں 10برس قبل ایک سڑک کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن اس وقت تک مذکورہ پروجیکٹ کو مکمل ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے لوگوں کو اس جدید وقت میں بھی پیدل سفرکرنا پڑرہا ہے ۔سماجی کارکن وسیم راجہ نے بتایا کہ حکام کی جانب سے 7کلو میٹر سڑک کی تعمیر شرو ع کی گئی تھی جبکہ ڈھائی کلو میٹر زمینی کٹائی کے بعد اس کی جانب دھیان ہی نہیں دیا گیا جبکہ دو کلو میٹر سڑک میں کھڈوں کو چھ ماہ قبل بند کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں متعلقہ محکمہ پوری طرح سے ناکام ہو گیا ہے جس کی وجہ سے 3ہزار کی آبادی والی پنچایت میں لوگوں کی دقتیں مزید بڑھ گئی ہیں ۔عام لوگوں نے بتایا کہ مشکل وقت میں بھی وہ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ اس وقت تک پنچایت میں کوئی بھی سب سنٹر تعمیر نہیں ہے جبکہ مویشیوں کیلئے بھی کوئی سنٹر دیا ہی نہیں گیا ۔مکینوں نے بتایا کہ پینے کے صاف پانی سے لے کر بجلی کی خستہ حالی و دیگر بنیادی سہولیات کے نہ ہونے کی وجہ سے ان کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ سڑک کو جلداز جلد مکمل کیا جائے ۔