لوگ بی جے پی کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں: ڈاکٹر نرمل

عظمیٰ نیوز سروس

جموں //سابق نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں ایک عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مستقبل میں اس کے حق میں حمایت اور بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر جموں و کشمیر میں بی جے پی کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ بی جے پی کی نائب صدر انورادھا چاڑک اور سکریٹری اروند گپتا کے ساتھ عوامی دربار میں لوگوں کی شکایات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو کانگریس، این سی اور پی ڈی پی کی حکمرانی کا بہت تلخ تجربہ ہے اور وہ جھوٹے وعدوں اور گمراہ کن نعروں سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی لوگوں نے 2014 کے بعد سے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکمرانی کو بھی دیکھا ہے اور محسوس کیا ہے کہ اس نظام کی اچھی حکمرانی ملک اور اس کی 140 کروڑ آبادی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار یہاں کئی میگا ترقیاتی پروجیکٹوں اور متعدد فلاحی اسکیموں کو بڑھایا گیا ہے، جس سے یو ٹی میں بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں اور ہر شعبہ زندگی کے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئی ہے۔