لوگ بھاجپا کو ووٹ دے رہے ہیں

سرینگر// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر امور کے انچارج ترون چگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’گپکار گینگ الائنس ‘ کے منفی پروپگنڈے کے باوجود بھی کشمیر میں لوگ بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سات دہائیوں میں پہلی بار کشمیریوں میں انتخابات میں حصہ لینے کے دوران کافی جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے ۔موصوف یہاں اپنے تین روزہ دورے پر ہیں۔انہوں نے کہا’’وادی میں ’گپکار گینگ ‘کے پروپگنڈے کا کوئی ماننے والا نہیں ہے اور لوگ یہاں چل رہے ڈی ڈی سی انتخابات اور ضمنی پنچایتی انتخابات میں کھل کر بی جے پی کو سپورٹ کر رہے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہماری جماعت کا ترقی و خوشحالی کا واضح منشور ہے ، ہم لوگوں کو لوٹنے والے نہیں اور ہم نے یہاں کی علاقائی جماعتوں کی طرح لوگوں کو دھوکہ نہیں دیا ہے ‘‘۔موصوف نے لوگوں سے بی جے پی کو ووٹ ڈلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا’’لوگوں کو بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈال کرموقع پرست سیاسی جماعتوں کو سبق سکھانا چاہئے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دورے کے دوران کشمیر کے دور افتادہ علاقوں کا دورہ کیا اور ان علاقوں کو بی جے پی بہت جلد با اختیار بنائے گی۔ چگھ نے کہا کہ شدید سردی کے باوجود لوگ لمبی قطاروں میں ووٹ ڈالنے کے لئے کھڑے ہو رہے ہیں اور کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار لوگوں میں اس قدر جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ بغیر کسی خوف و ڈر اور علیحدگی پسندوں کے دباؤ کے باوجود ووٹ ڈالنے کے لئے نکل رہے ہیں۔موصوف انچارج نے کہا کہ وادی کشمیر میں وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے وژن کو آگے بڑھایا جائے گا اور یہاں جو زمینی سطح پر تبدیلی دیکھی جار ہی ہے یہ اسی وژن کا نتیجہ ہے ۔