لوگ اپنی پارٹی پر اپنا بھر پور اعتماد ظاہر کر رہے ہیں

جموں//اپنی پارٹی کے سنیئرلیڈر ان اور ورکروں کی ایک اہم میٹنگ سنیچر وار کو گاندرھی نگر میں منعقد ہوئی جس میں جموں وکشمیر کے اندر جاری انتخابی عمل اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔ پارٹی سنیئر نائب صدر اور سابقہ وزیر غلام حسن میر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں سنیئر پارٹی لیڈران، ضلع ترقیاتی کونسل اُمیدواروں اور ورکرز موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران سنیئرلیڈران نے جاری ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات اور خطہ بالخصوص اور جموں وکشمیر میں بالعموم پیدا ہورہی سیاسی صورتحال پر غوروخوض کیا۔ سابقہ وزیر اور اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہاکہ ’’ جموں خطہ کے لوگوں کا جوپیار ملا وہ حوصلہ افزا ہے جس کی بدولت آٹھ ماہ پرانی جماعت ہونے کے باوجود دیگر مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کی طرح اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے سبھی حلقوں سے اپنے اُمیدوار میدان میں اُتارنے میں کامیاب رہی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’ ہم تعمیر وترقی اور خوشحالی کے لئے نئی سوچ کے ساتھ آئے ہیں، ہم توقع کرتے ہیں جموں وکشمیر کے سیاسی منظرنامے پر لوگ نئے بیانیہ کو دیکھیں، روایتی جماعتوں نے ایک طویل عرصے تک لوگوں کو بیوقوف بنایا ، یہی وجہ ہے کہ اپنی پارٹی کو دونوں خطوں جموں اور کشمیر کو تسلیم کیاگیاہے۔ ہمار ا بنیادی ایجنڈا جموں وکشمیر ریاست کی درجہ بحالی، نوکریوں اور اراضی حقوق کا تحفظ ہے‘‘۔ میر نے زمینی سطح پر اچھا کام کرنے کے لئے جموں کی پارٹی لیڈرشپ کی تعریف کی اور وعدہ کیاکہ پارٹی سماج کے غریب اور پسماندہ طبقہ کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا’’ یہ پارٹی کی نیشنلسٹ اپروچ ہے کہ دونوں خطوں کے لوگ پارٹی کی طرف توجہ ہوئے اور کویڈ19بندشوں کے بعد قلیل عرصہ میں پارٹی جموں وکشمیر کے دور دراز علاقہ جات تک رسائی کرنے کے قابل ہوئی ہے اورہرجگہ پارٹی ایجنڈہ کو سراہا گیا ہے‘‘۔