لوگوں کے ٹرانسپورٹیشن مسئلے کو حل کیاجائے

جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی کی ایک میٹنگ سابقہ وزیر اور صوبائی صدر منجیت سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ٹرانسپورٹروں کی لگاتار ہڑتال اور کویڈ19وباء کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل پر غوروخوض کیاگیا۔ منجیت سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ دیہی علاقہ جات میں ٹرانسپورٹ کے متبادل انتظامات کیلئے فوری ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ منجیت سنگھ نے یہ بھی کہاکہ کویڈ19لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سیکٹر پچھلے ایک سال سے بُری طرح متاثر ہوا ہے جس وجہ سے ٹرانسپورٹرز بشمول بس مالکان، ٹرک، کاریں، آٹو رکھشا، ٹیکسی، کیب مالی مشکلات سے دو چار ہیں جس وجہ سے وہ ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کی ماہانہ تنخواہ نہیں دے سکتے اور وہ اپنے روزمرہ امور اچھے سے نہیں چلاسکتے۔ گاڑی مالکان بینکوں کی قسطیں ادا نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے گورنر سے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹروں کو خصوصی پیکیج دیاجائے تاکہ وہ بری طرح سے متاثر اِس شعبہ کے احیاء کو یقینی بناسکیں۔ انہوں نے رھیڑی والوں اور غریب محنت کش طبقہ کو بھی معاوضہ دینے کی مانگ کی ہے جن کا ایک سال سے کویڈ لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزگار بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس میٹنگ میں سابقہ ایم ایل اے اور ضلع انچارج اودھم پور فقیر ناتھ، جے اینڈ کے اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی، صوبائی سیکریٹری جموں ڈاکٹر روہت گپتا، وائی بہو مٹو اور جے پی سنگھ بھی اِس موقع پر موجود تھے۔