سرینگر//اپنی پارٹی نے متفقہ طور پرپارٹی صدرالطاف احمد بخاری کو24جون کو نئی دہلی میں وزیراعظم کی صدارت میںمنعقد ہونے والی کل جماعتی اجلاس میں جموں کشمیر کے لوگوں کی خواہشات اور توقعات کی ترجمانی کرنے کااختیاردیاہے۔اس بات کااظہارپارٹی کے جنرل سیکریٹری رفیع احمد میرنے کیا۔ایک بیان کے مطابق سوموار شب پارٹی کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں جموں وکشمیر بھر سے پارٹی لیڈران نے حصہ لیا جس میں سماجی واقتصادی امور اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی بحث وتمحیص ہوئی۔میٹنگ میں وزیر اعظم کی طرف سے کی گئی سیاسی پہل کا خیر مقدم کیاگیااور اُمیدظاہر کی گئی کہ 24جون کو منعقد ہونے والی میٹنگ جموں وکشمیر میں سیاسی عمل کی بحالی کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی اور لوگوں کی دیرینہ بااختیاری کی راہ ہموار ہوگی۔ اجلاس میں 5اگست 2019کے بعد جموں وکشمیر میں مجموعی سیاسی صورتحال اور زمینی حالات پر تفصیلی بحث ہوئی اور 24جون کو ہونے والی میٹنگ میں جموں وکشمیر کے سیاسی جذبات کی نمائندگی کرنے پرزور دیاگیا۔ اس دوران جموں وکشمیر کی عوام کو خاص طور سے پانچ اگست 2019کے بعد زندگی کے مختلف شعبہ جات میں درپیش مشکلات کو اُجاگر کیاگیا۔ لیڈرشپ نے اِس بات پرزور دیا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے حکومت ِ ہند کو ٹھوس اعتماد سازی اقدامات اُٹھانے چاہئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں متفقہ طور فیصلہ کیاگیاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کیلئے چٹان کی طرح کھڑی ہے اور اُن کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی مفادات کے تحفظ کے لئے ہر فورم پر تمام طرح کے ضروری اقدامات کرے گی۔
لوگوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدام کریں گے
