لوگوں کو زخمی کرنے والا ڈرائیور 9سال بعد گرفتار

 جموں//پولیس نے پیر کو جموں شہر میں ایک شخص کو 9سال بعد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے خلاف تیز رفتار گاڑی چلانے اور لوگوں کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ضلع کشتواڑ کے گائوں ہونڈنا دڑوالے کے رہنے والے چمن لال پر 2013میں جموں کے دومانہ کے علاقے میں تیز رفتارگاڑی سے پیدل چلنے والوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور کچھ کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ تب سے وہ گرفتاری سے بچنے کیلئے مسلسل اپنے ٹھکانے بدل رہا تھا۔اْنہوں نے بتایا کہ پولیس نے ٹیمیں تشکیل دیں اور معلومات اکٹھی کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اطلاع کی بنیاد پرمتعلقہ شخص کو جموں سے پکڑا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں چارج شیٹ داخل کی گئی تھی اور ایک مقامی عدالت نے اس کے خلاف ضابطہ فوجداری کے سیکشن 512 (سی آر پی سی) کے تحت جنرل وارنٹ جاری کیا تھا۔