لوک سبھا میں 16ویں دن بھی وقفہ سوال نہیں ہوسکا

نئی دہلی//یو این آئی// پیگاسس جاسوسی، مہنگائی، زرعی قوانین سمیت دیگر مسائل کی بابت لوک سبھا میں منگل کے روز اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین کا ہنگامہ جاری رہا جس کے سبب وقفہ سوال پورا نہ ہوسکا اور ایوان کی کاروائی 12 بجے تک کے لیے ملتوی کرنا پڑی۔ صبح 11 بجے ایوان کی کاروائی جیسے ہی شروع ہوئی، کانگریس، ٹیم ایم سی، ڈی ایم کے اور شرومنی اکالی دل سمیت مختلف اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین، ہاتھوں میں تختیاں لے کر اسپیکر کے چیئر کے پاس پہنچ گئے اور حکومت مخالف نعرے لگانے لگے ۔ اسپیکر اوم برلا نے ہنگامے کے درمیان ہی وقفہ سوال شروع کیا’ ساتھ ہی ہنگامہ کرنے والے اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنی جگہ پر جائیں اور وقفہ سوال میں کسان کے مسائل سے متعلق اپنے سوال حکومت سے پوچھیں’ لیکن وہ نہیں مانے اور زور سے زور سے نعرہ لگانے لگے ۔