عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پانڈورنگ کونڈبراو پولے نے ہفتہ کو کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے اگلے 20 دنوں میں لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کے اعلان کا امکان ہے۔آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جنوبی کشمیر کے دورے کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پی کے پولے نے کہا کہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن اگلے 15 سے 20 دنوں میں انتخابات کی تاریخوں کے بارے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے، اس بات کو یقینی بنانا کہ ووٹرز بغیر کسی خوف اور دشواری کے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔اپنے جائزہ کے دوران، پولے نے جنوبی کشمیر کے تین اضلاع اننت ناگ، شوپیان اور پلوامہ کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ انہوں نے ان اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ پولے نے انتخابات کے انعقاد میں درپیش چیلنجوں کو تسلیم کیا لیکن انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامی افسران کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ، سی ای او نے حالیہ برسوں میں کشمیر بھر میں سیکورٹی کے منظر نامے میں نمایاں بہتری پر زور دیا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیکورٹی فورسز کی اضافی تعیناتی الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مقرر کردہ اصولوں کی سختی سے تعمیل کی جائے گی۔ ادھر بھاجپا نے اعلان کیا ہے کہ جگل کشور جموں پارلیمانی حلقہ سے الیکشن لڑیں گے جبکہ ادھم پور پارلیمانی حلقہ سے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو دہرائے گی۔ادھربی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کیلئے امیدواروں کی پہلی فہرست کا اعلان کیا۔وزیر اعظم مودی وارانسی سے الیکشن لڑیں گے۔ امیدواروں کی پہلی فہرست میں 34 مرکزی وزرا اور ایم او ایس اور لوک سبھا اسپیکر شامل ہیں۔