لوک سبھا الیکشن نتائج:مودی کی بی جے پی بھاری اکثریت کے حصول کی راہ پر

سرینگر./ سات مراحل میں مکمل ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے رجحانات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو واضح سبقت حاصل ہونے والی ہے۔

 انتخابات کے بعد جمعرات کی صبح سے پارلیمنٹ کی 542 نشستوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی  آٹھ بجے سے جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق نتائج کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کے اتحاد کو گزشتہ انتخابات سے بھی زیادہ نشستیں مل سکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے بی جے پی 297 نشستوں پر آگے ہے جبکہ مجموعی طور پر 342 نشستوں پر اس کا اتحاد آگے ہے۔

انڈیا میں مرکزی حکومت بنانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہیں اور اگر یہ رجحانات برقرار رہے تو بی جے پی کو حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت اپنے بل بوتے پر ہی مل سکتی ہے۔

اس کے برعکس کانگریس اور اس کے اتحادیوں کو 80 سے زیادہ نشستیں ملتی دکھائی دے رہی ہیں جن میں سے کانگریس محض 54 نشستوں پر آگے ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی بنارس میں اپنے قریب ترین حریف سے 70 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی کا ان کے روایتی حلقے امیٹھی میں بی جے پی کی امیدوار سمرتی ایرانی سے پندرہ ہزار ووٹوں سے پیچھے ہیں۔

بہار میں کنہیا کمار اور اداکار شترو گھن سنہا پیچھے ہیں تاہم سماجوادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو اپنے حریفوں پر سبقت لیے ہوئے ہیں۔