لورن کی کمسن بچی کی عصمت ریزی کرنے والاملزم گرفتار

پونچھ// منڈی کے لورن میں ایک سیزنل سکول کے استاد کی جانب سے کمسن بچی کی عصمت ریزی کا معاملہ سامنے آنے کے فورا بعد پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر کے مزید کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔اس سلسلہ میں چائلڈ لائن کی ایک ٹیم نے متاثرہ بچی اور اس کے والدین سے ملاقات کر کے ان کو ہر طرح کا تعاون کرنے کی یقین دہانی کی۔چائلڈلائن تنظیم کے کوارڈی نیٹر سبزار احمد نے کہا کہ وہ متاثرہ بچی کے والدین کی ہمت کو داد دیتے ہیں جنھوں نے اپنی بچی کو انصاف دلانے کے لئے کسی کی کوئی پرواہ کئے بغیر پولیس کو اطلاع دیکر اس انسانیت کو شرمسار کرنے والے شخص کو گرفتار کروایا۔انھوں نے کہا کہ اس طرح کے اکثر معاملات میں دیکھا گیا ہے کہ والدین بے عزتی ہونے سے ڈر کر معاملات کو دبا دیتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ایسے افراد کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ متاثر ہونے والی بچی اپنی پوری زندگی ڈری سہمی رہتی ہے اور مایوس ہو جاتی ہے۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر ان کے سامنے اس طر کا کوئی معاملہ ہو تو وہ چائلڈ لائن کے نمبر1008 پر کال کر کے اطلاع کریں تاکہ اس کے خلاف کاروائی کر کے متاثرہ فرد کو انصاف دلا سکیں۔