گول //سب ڈویژن گول میں جہاں شدید گرمی اور بارشیں نہ ہونے سے پانی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے،وہیں کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں لوگ سڑک کنارے نالیوں میں جمع پانی کو استعمال میں لانے پر مجبور ہیں ۔ یہاںپنچائت لور دلواہ گول کے لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں آج تک محکمہ جل شکتی کا کوئی بھی ملازم نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی اُسے لوگ جانتے ہیں ۔ عبدالقیوم پردیسی، محمد فاروق، غلام نبی، گلزار احمد ، سکینہ بیگم ، ظریفہ بیگم نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں کافی عرصے سے پانی کی ہاہا کار ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کو بھی مطلع کیا تھا اور محکمہ جل شکتی کا کوئی ملازم یہاں دکھائی نہیں دے رہا ہے جس وجہ سے لوگ پینے کے پانی کے مسئلے سے کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں انسانوں کے لئے پانی نہیں ہے وہیں مال مویشوں بھی پانی کے بغیر مر رہے ہیں اور کئی کئی میل دور ان کو لے جا کر پانی پلانا پڑتا ہے اور گھروں میں استعمال ہونے والا پانی بھی میلوں سے لانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر لوگوں نے سڑک کنارے پر پانی اکھٹا کیا جہاں سے وہ پانی لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ملازم بھی نہیں آتے ہیں اور نہ ہی آج تک انہوں نے علاقے میں جے ای پی ایچ ای کو دیکھا ہے تا کہ وہ علاقے میں پانی کے مسائل بارے انہیں آگاہ کر سکیں ۔ انہوں نے محکمہ جل شکتی اور سب ڈویژن گول کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ کا دورہ کر کے یہاں پانی کے مسئلے کو حل کیاجائے تا کہ علاقہ میں لوگ راحت کی سانس لے سکیں ۔