لواکھی بھلوال میں عوامی مسائل کیمپ کاانعقاد

جموں//تحصیل بھلوال کی پنچایت چھواکے لواکھی گائوں میں عوامی مسائل ازالہ کیمپ کاانعقادکیاگیاجس میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ نارتھ جموں ستیش کمارشرمامہمان خصوصی جبکہ تحصیلداربھلوال محمدرفیق جرال مہمان ذی وقارتھے۔اس موقعہ پرمختلف محکمہ جات مثلاً زراعت،باغبانی (فلوریکلچر)،تعلیم،دیہی ترقی ،پی ایچ ای (صحت عامہ )،سماجی بہبود،صحت اورپاورڈیولپمنٹ کے ملازمین وعہدیداران کے علاوہ علاقہ کے معززین کی کثیرتعدادموجودتھی۔پروگرام کے دوران منتظمین بشمول قاری علی اکبرقادری ،چوہدری بشیراحمدہکلہ،چوہدری بابوخان کھٹانہ ،چوہدری معشوق علی پوسوال ودیگران نے عوامی اہمیت کے مسائل اُجاگرکیے جوکہ پانی،بجلی،سڑک اورتعلیم سے متعلق تھے۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ پنچایت چھواکے دیہات پسماندگی کاشکارہیں اوربنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو اکثروبیشترشدیدمشکلات سے دوچاررہناپڑتاہے۔ انہوں نے سکولوں کے معیارتعلیم کوبلندکرنے،بجلی وپانی سپلائی اورسڑکوں کی حالت کوبہتربنانے کامطالبہ کیا۔اس دوران لواکھی گائوں کے اہم مسئلوں کوفوری طورپرحل کرنے پرمقررین نے زوردیا۔مسائل سننے کے بعدایس ڈی ایم نارتھ جموں ستیش کمارشرمانے کہاکہ انتظامیہ کافرض ہے کہ عوام الناس کیلئے بنیادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ پنچایتوں کی ترقی کیلئے محکمہ دیہی ترقی ودیگرلائن محکمہ جات کوہدایات دی گئی ہیں کہ عوامی مسائل کافوری طورازالہ کیاجائے۔انہوں نے متعددمسائل کے نپٹارہ کیلئے متعلقہ عہدیداران کوہدایات دیں ۔اس موقعہ پرلوگوں نے ایسے مزیدکیمپوں کے انعقادپرزوردیااورانتظامیہ کالواکھی جیسے دوردرازگائوں میں عوامی مسائل ازالہ کیمپ کے انعقادکیلئے شکریہ بھی اداکیا۔ اس دوران نظامت کے فرائض قاری علی اکبرنے انجام دیئے۔