لندن میں لاک ڈائون کے خلاف احتجاج

لندن // لندن میں لاک ڈائون کے خلاف ہونے والے احتجاج پر ڈیڑھ درجن سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ جنوب مغربی لندن میں لاک ڈائون مخالف احتجاج کے دوران کوویڈ 19 پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر سولہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ہفتے کو سہ پہرکے وقت 30 افراد کے ہجوم نے کلافہم ہائی اسٹریٹ پر مارچ کیا اور ’’اپنی آزادی واپس لو‘‘ کے نعرے لگائے جب کہ وہاں موجودعوام نے ان کی مخالفت کی۔یہ احتجاج لندن کے میئر صادق خان کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائو سے دارالحکومت کے اسپتالوں کو’’ دبائو میں آجانے کے‘‘ خطرہ کیپیش نظر صورت حال کو ’’بڑا واقعہ‘‘ قرار دیئے جانے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔میٹ نے بتایا کہ 16 افراد کو کورونا وائرس کے ضوابط کی خلاف ورزی کے شبہ میں گرفتار کر کے تحویل میں لیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد افسران نے جرمانہ کے 22 مقررہ نوٹسز بھی جاری کیے۔ مظاہرے کی کوشش روکنے اور اس پر قابو پانے کے لئے درجنوں افسران کلافہم کامن میں تعینات تھے ، یہ مظاہرہ ایک گروپ اسٹینڈ اپ ایکس کے زیر اہتمام کیا گیا تھا ۔