لمبیڑی میں بلاک دیوس کی مناسبت سے پروگرام

راجوری//لوگوں کی دہلیز پر عوامی شکایات سننے اور ان کا ازالہ کرنے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے لمبیڑی میں ہفتہ وار بلاک دیوس کی مناسبت سے ایک کیمپ کے دوران عوامی شکایت کا بغور جائزہ لے کر آفیسران کو موقعہ پر ہی ضروری ہدایت جاری کیں ۔تقریب کے دوران عوام اور ان کے نمائندوں نے اپنے علاقوں کے متعدد مسائل اور مطالبات اٹھائے جن میں سڑکوں کی تعمیر، سرکاری اداروں کی اپ گریڈیشن، عملے کی کمی، صحت کی بہتر سہولیات وغیرہ شامل ہیں۔تقریب کے دوران جن مخصوص مسائل پر روشنی ڈالی گئی ان میں جل جیون مشن کے تحت پانی بڑھانے کی اسکیمیں، منریگا کی ذمہ داری کی منظوری، پی ایم اے وائی مکانات کے حق میں قسط کی ادائیگی، ڈبلیو این او پر لفٹ ایریگیشن کینال کی بحالی، چھوڑے گئے اہل گھرانوں کا احاطہ کرنے کیلئے پی ایم اے وائی کیلئے تازہ سروے، ڈنڈنی سے سوٹ پل تک کی منظوری، پہاڑی بولنے والے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے خصوصی کیمپوں کا انعقاد، اسکولوں میں کافی عملہ، پنچایتوں میں قبائلی آبادی کا سروے جیسے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔اس کے علاوہ عوام نے گڑاں تا سیالسوئی سڑک کی تعمیر، ڈنڈیسر تا پتاری سڑک پر کام شروع کرنے، عملہ کی کمی، پنچایت گھر، پنچایت راجل کے اسکولوں میں بیت الخلاء ، ایس ڈی ایچ میں بائیو میٹرک سسٹم کو یقینی بنانے اور دیگر فلاحی سکیموں کی عمل آوری کی موجودہ صورتحال بھی حکام کے نوٹس میں لائی گئی ۔اس دوران مختلف محکموں کے افسران نے بھی عوام کو مختلف اسکیموں کے بارے میں بریفنگ دی اور ان سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے تقریب کے دوران عوام کی طرف سے اٹھائے گئے اپنے محکموں سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیئے۔پانی کی قلت کے مسئلہ پر جواب دیتے ہوئے ایس ای ہائیڈرولکس نے بتایا کہ اس بلاک کیلئے جل جیون مشن کے تحت 08 اسکیموں کی منظوری دی گئی ہے اور چند دنوں میں الاٹمنٹ کردی جائے گی۔ڈی ڈی سی نے تقریب کے دوران عوام کی طرف سے پیش کئے گئے تمام مسائل کو صبر سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی خدشات کو مرحلہ وار طریقے سے دور کیا جائے گا۔بلاک دیواس کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پبلک آؤٹ ریچ ایونٹ کا مقصد سرکاری اسکیموں کی بہتر کوریج، عام آدمی کے ساتھ بات چیت کو بڑھانا اور ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی کرنا ہے۔ترقیاتی عمل میں عوام کا تعاون طلب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے عوام پر زور دیا کہ وہ ضلع کے امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں۔عوام کی فلاح و بہبودکیلئے کئی سرکاری اسکیموں اور پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ان سے استفادہ کریں۔فرنٹ لائن ورکرز اور عوامی نمائندوں کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ضروری خدمات کی فوری فراہمی اور خطے کی جامع اور پائیدار ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کو کہا۔انہوں نے متعلقہ افسران سے بھی کہا کہ وہ اپنی فیلڈ مشینری کو تیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کی مشکلات کو جلد از جلد حل کیا جائے۔