لعل سنگھ کا مقامی نوعیت کے پروجیکٹ مرتب کرنے پر زور

 کٹھوعہ//جنگلات اور ماحولیات کے وزیر چودھری لعل سنگھ نے پی ڈی ڈی، آر اینڈ بی ، دیہی ترقی ، پی ایچ ای ، صحت ، تعلیم اور جنگلات محکمے سے کہا ہے کہ وہ کٹھوعہ ضلع کیلئے مقامی نوعیت کے پروجیکٹ تیار کریں تاکہ علاقے میں لوگوں کو جدید طرز کی سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج کٹھوعہ میں ایک عوامی دربار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ یہ منصوبے تیار کرکے رقومات کی دستیابی کیلئے متعلقہ کوارٹروں کو بھیج دیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاستی عوام کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے مزید تن دہی اور لگن کیساتھ کام کریں ۔دربار کے دوران مقامی لوگوں نے بسولی حلقے میں در پیش مسائل سے وزیر کو آگاہ کیا جن کا تعلق بجلی ،پانی ، سڑک رابطوں اور دیگر شعبوں سے تھا ۔چودھری لال سنگھ نے لوگوں کے مسائل غور سے سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائیگا ۔ انہو ں نے کہا کہ بسولی کے تمام دیہات کو شہری علاقوں کی طرز پر ترقی دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔مقامی مطالبات کے تناظر میں وزیر نے متعلقہ محکمے سے کہا کہ وہ چڑوال گائوں میں ایک کھیل کا میدان تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کریں ۔پی سی سی جنگلات ،روی کیسر، چیئر مین سٹیٹ پولیشن کنٹرول بورڈ بی سدھارتھا ، چیف کنزرویٹر جنگلات فاروق گیلانی کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسراں بھی اس موقعے پر موجود تھے۔