لسانہ میں پسی گرآنے سے جموں پونچھ شاہراہ 2 گھنٹے تک بند

بختیار کاظمی‌

سرنکوٹ// جموں پونچھ شاہراہ لسانہ میں پسیاں گرآنے کی وجہ سے دو گھنٹوں تک بند رہی۔مذکورہ سڑک کی کشادگی کے لیے متعلقہ حکام زمین کی بے تحاشہ کٹاہی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پسیاں گرآنی شروع ہوگئی ہیں۔پیر کو جموں پونچھ شاہراہ پر لسانہ ہائرسیکنڈری سکول کے قریب ایک بھاری پسی گرآئی جس کی وجہ سے سڑک بند ہو گئی اور نتیجے میں دونوں اطراف کافی ٹریفک جام ہوگیا جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی حکام بشمول سرنکوٹ کے سٹیشن ہاؤس آفیسرصورتحال کا جائزہ لینے کے لیے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بہتر اقدامات اٹھائے اور تعمیراتی ایجنسی کی غلطیوں کو درست کرے تاکہ مقامی رہائشیوں کو کسی طرح کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔