لسانہ میں المناک حادثہ ،موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل

بختیار کاظمی

سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ کے لسانہ علاقہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK12B-4478 پر سوار ایک نوجوان سرنکوٹ سے پونچھ کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک لسانہ کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی بس زیر نمبر JK02CB-4055 سے ٹکر ہوگئی جس سے موٹر سائیکل بُری طرح سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا جبکہ موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا اور وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا ۔موٹر سائیکل سوار کی شناخت عدنان منہاس ولد ثقلین محمود سکنہ سرنکوٹ لوہر کے طور پر ہوئی تاہم پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے۔قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیاگیا ۔

منڈی سڑک حادثے میں نوجوان کی موت

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی مو ت واقع ہو گئی ۔سنیچر کی دیر رات گئے ضلع کی تحصیل منڈی میں ایک پلسر موٹر سائیکل زیر نمبر -JK12A 7650 حادثہ کا شکار ہوا جس کے نتیجہ میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت محمد اقبال ولد نزیر حسین سکنہ مرہوٹ سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق سنیچرشب قریب دس بجے یہ نوجوان بڈھا امر ناتھ سے تحصیل صدر مقام منڈی کی جانب رواں تھا کہ اچانک پڑی بازار منڈی کے مقام پر موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگیا بعد ازاں وہاں پر موجود لوگوں کی مدد سے نوجوان کو زخمی حالت میں سب ضلع ہسپتال منڈی میں لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔یاد رہے متوفی نوجوان منڈی میں انڈین کے ساتھ بحیثیت پوٹر کام کرتا تھا ۔ڈاکٹروں کے مطابق حادثہ کے دوران متوفی نوجوان کو سر میں شدید چھوٹ آئی تھی جس کے سبب نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی کو سب ضلع ہسپتال منڈی میں مردہ حالت میں لایا گیا تھا جہاں سے تمام تر قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد پولیس کے ذریعہ مرحوم کی نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا ہے اوراتوار بعد دوپہر اس کی نعش کو پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کر دیا گیا۔اس حوالے سے پولیس تھانہ منڈی میں ایف آئی آر زیر نمبر 81/2023 کے تحت معاملہ درج کر مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔