کنگن//73روز تک آمدورفت کیلئے بند رہنے والی 434کلو میٹر طویل سرینگر لداخ شاہراہ جمعرات کو ہلکی گاڑیوں کیلئے کھول دیا گیا۔ 19مارچ کو باڈر روڈ آرگنائزیشن نے شاہراہ کو محض آزمائشی بنیادوں پر کھول دیا تھا اور زیرو پوائنٹ زوجیلا پر ایک تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔لیکن بنیادی طور پر شاہراہ کھولنے کا فیصلہ کشمیر اور لداخ کی صوبائی انتظامیہ کو کرنا ہوتا ہے۔تین روز قبل صوبائی کمشنر کشمیر اور صوبائی کمشنر لداخ کے درمیان ورچول موڈ کے ذریعہ ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران کے علاوہ پولیس، بیکن، آر اینڈ بی، میکنیکل ڈویژن اور ٹریفک حکام بھی موجود تھے۔میٹنگ میںفیصلہ کیا گیا کہ شاہراہ کو ہلکی گاڑیوں کے لئے 25مارچ کو کھول دیا جائیگا، اور سونہ مرگ سے کرگل اور لداخ کی طرف صبح 6بجے سے صبح 8.30منٹ تک ہلکی گاڑیوں کوچھوڑا جائے گا۔ ادھر سرینگر سونہ مرگ شاہراہ کے مختلف مقامات پر سینکڑوں ٹاٹا موبائل گاڑیاں گذشتہ پانچ روز سے درماندہ تھیں جن کو سونہ مرگ تک پہنچنے کی اجازت دی گئی۔لیکن جن گاڑیوں کا وزن زیادہ تھا انہیں روک دیا گیا۔
لداخ شاہراہ میں ہلکی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی
