لداخ سے دو آئی اے ایس افسران واپس بلائے گئے

سرینگر//جموں کشمیر حکومت نے مرکزی زیر انتظام والے خطے لداخ سے جموں کشمیر کیڈر کے2آئی اے ایس افسران کو  واپس لاکر انتظامیہ میں تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے مفاد میں ان افسران کو لداخ سے واپس لاکر جموں کشمیر میں تعینات کیا گیا۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے اس سلسلے میں سنیچر کو ایک آرڈر زیر نمبر 150-JK (GAD)  of 2021 محررہ 13 فروری کو اجرا کیا گیا،جس میں لیفٹیننٹ گورنر کے احکامات کے تحت جموں کشمیر آئی اے ایس کیڈر2015کے افسر بصیر الحق چودھری ،جو ڈپٹی کمشنر کرگل تھے ،کے علاوہ ڈپٹی کمشنر لیہہ اور2015کے  ہی جموں کشمیر کیڈر کے آئی ائے ایس افسر سچین کمار وشے کو واپس بلایا گیا ہے۔ بصیر الحق چودھری کو مزید تقرری تک محکمہ عمومی انتظامی میں رپورٹ کرنے کیلئے کہا گیا ہے جبکہ سشن کمار وشے کو ڈپٹی کمشنر شوپیان کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں شری کانت بالا صاحب سوسے کو تبدیل کیا گیا اور مرکزی زیر انتظام لداخ روانہ کیا گیا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ مہور سنتوش سکھدیو،جن کے پاس سب رجسٹرار مہور کا اضافی چارج بھی تھا،کا تبادلہ بھی عمل میں لاکر لداخ منتقل کیا گیا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ دھامری فضل الحسیب کو  سب ڈویژنل مجسٹریٹ مہور اور سب رجسٹرار مہور کا اضافی چارج دیا گیا۔