لداخ خود مختار ترقیاتی کونسل انتخابات

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اورنائب صدر عمر عبداللہ نے لداخ خودمختارپہاڑی ترقیاتی کونسل انتخابات میں نیشنل کانفرنس پر اپنا اعتماد ظاہر کرنے پرکرگل کے  عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان کو بھی مبارکباد دی ہے ، جنہوں نے انتھک محنت کرکے پارٹی کی جیت کو یقینی بنایا۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق نے کہا ’’ یہ جیت ہمارے اُس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس میں سماج کے ہر طبقہ، بلا لحاظ مذہب و ملت، رنگ و نسل اور ذات پات ،کے لوگوں کی فلاح و بہبود شامل ہے‘‘۔انہوں نے کرگل ہل کونسل کے نومنتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی اُمیدورں پر کھرا اُترنے کیلئے تن دہی اور لگن سے کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا ’’لوگوں نے پیسے کو ٹھکرا کر نیشنل کانفرنس پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے‘‘پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مبارکبادی کے اپنے پیغام میں لداخ خودمختار پہارٹی ترقیاتی کونسل کرگل کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ان انتخابات میں پارٹی کی جیت حوصلہ افزاء ہے اورجس کیلئے کرگل کے لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا’’ مجھے اُمید ہے کہ تمام نو منتخب کونسلر تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں گے‘‘۔ انہوں نے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور دیگر پارٹی لیڈران کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی میں یہ جیت ممکن ہوسکی۔ دریں اثناء علی محمدساگر اور ناصر اسلم وانی نے بھی کرگل کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔