لتہ پورہ جھڑپ میں جاںبحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت

 سرینگر//حریت (گ)،لبریشن فرنٹ،مسلم لیگ،دختران ملت،فریڈم پارٹی،پیپلز لیگ، پیپلز فریڈم لیگ،سالویشن مومنٹ ، ڈیمو کر ٹیک پولٹیکل مومنٹ،کشمیر تحریک خواتین،لبریشن فرنٹ ( آر ) اوراسلامک پولیٹکل پارٹی نے لیتہ پورہ معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہی نوجوان قوم کے حقیقی محسن ہیں۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری بھارت کی حکومت اور ان کے حواریوںپر عائد ہوتی ہے۔اپنے ایک بیان میں گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے جس کا بھارت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعتراف بھی کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں نے آج تک 6؍لاکھ سے زائد انسانی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں، اور یہ سلسلہ تاایں دم جاری ہے۔ گیلانی نے کہا’’ ہمارے نوجوان اپنی اٹھتی جوانیاں پیش کررہے ہیں اور قوم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں‘‘۔ حریت رہنما نے کہا ’’ ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم ہر طرح کے انتخابات کا بائیکاٹ کریں اور کسی بھی صورت میں اپنا ووٹ اُن لوگوں کو نہ دیں جن کی وجہ سے ہمیں اپنے ادھ کھلے نوجوانوں کے جنازے روزانہ اٹھانا پڑ رہے ہیں‘‘۔ اس دوران تحریک حریت لیڈر بشیر احمد قریشی نے لتہ پورہ معرکے میں جاں بحق ہوئے فردین احمد خان ساکن ترال کی نماز جنازہ کی پیشوائی کی ۔لبریشن فرنٹ کے ضلع صدر پلوامہ جاوید احمد بٹ اورضلع سیکریٹری طارق احمد پر مشتمل ایک وفد نے ترال اور دربہ گام پلوامہ جاکرجاں بحق ہوئے جوانوں منظور احمد بابا اور فردین احمد کے جنازے میں شرکت کی۔ فرنٹ وفد نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔مسلم لیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان قوم کے وہ حقیقی محسن ہیں جو قوم کو صحیح طرزِ حیات سکھارہے ہیں۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اپنے بیان میں کہاکہ مادیت کے اس دور میں جب لوگ دنیا کی رنگینیوں میں کھوئے ہوئے ہیں ،ایسے میں دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا نا اس بات کی دلیل ہے کہ اب اس قوم کومراعات و مفادات کے شیشے میں نہیں اتاراجاسکتا ہے۔دریں اثناء منظور احمد للہاری، محمد اشرف صوفی ،اعجاز احمد اور منظور احمد پر مشتمل لیگ کا ایک وفدباربگ پلوامہ گیا جہاں انہوں نے منظور احمد بابا کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ دختران ملت نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر فردین کھانڈے کے بیان کو پوری قوم کیلئے چشم کشا قرار دیا۔دختران کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے اور مشن کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری خون خرابہ بھارت کے اُس غیر ذمہ دارانہ رویے کا نتیجہ ہے جو اُس نے تنازعہ کشمیر کے حل سے اپنا رکھا ہے۔فریڈم پارٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان بے لوث جانبازوں کی قربانیوں کی وجہ سے قوم کی ذمہ داریوں میں کئی گنا کا اضافہ ہورہا ہے۔نئی دلی کو موجودہ سنگین صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے فریڈم پارٹی نے کہا کہ متنازعہ خطے کے اندر انسانی حقوق کی پامالیوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہورہی ہے۔پیپلز لیگ کے ایک وفدنے سینئر رہنما عبدالرشید ڈارکی قیادت میںترال اور دربگام جاکر جاں بحق ہوئے جنگجوئوںکے افراد خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ان کمسن جنگجوئوں کی قربانیوں کی بدولت ہی تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے اورمسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر بنتا جا رہا ہے۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے قابل قبول حل کیلئے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔مومنٹ کے ایک وفد نے دربہ گام جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی ۔وفد میں مولانامدثر قادری،منظور احمداورمحمد ایوب شامل تھے۔بیان کے مطابق واپسی پرپلوامہ پولیس نے مولانا اور تنظیم کے دوسرے کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔  ڈیمو کریٹک پو لٹیکل مو منٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ نے خر اج عقید ت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو نو جو ان اپنا آج ہما رے کل کیلئے قر با ن کر رہے ہیں جو کہ ایک بڑا سر ما یہ ہے۔کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کا زیاں قوم کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد او رہمارے جوانوں کے تئیںظالمانہ پالسیوں کی وجہ سے اب ہمارے جوان اپنی جانوں کی پرواہ بھی نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت ہندسے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر کا حل پُر امن طریقہ سے کرے تاکہ انسانی جانوں کا زیاں نہ ہو جائے۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام اور ان کے حاشیہ برداروں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیر کی سرزمین خون سے نہلائی جارہی ہے ۔انہوں نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان اپنا گرم گرم خون پیش کرکے ایک عظیم مقصد کی آبیاری کررہے ہیں ۔اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا ۔