لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے | 3افرادہلاک، 2زخمی

عظمیٰ نیوزڈیسک

بیروت// لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں تین افراد ہلاک اور دو شہری زخمی ہوگئے۔ لبنانی فوجی ذرائع نے یہ اطلاع میڈیا کو دی۔ ذرائع کے مطابق ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے جنوب مشرقی لبنان کے گاؤں خیام پر چھ میزائل داغے، جس کے نتیجے میں حزب اللہ کا ایک رکن ہلاک اور دو شہری زخمی ہوگئے۔ دوسرے واقعے میں ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوب مغربی لبنان کے ضلع طائر میں ایک کار پر چار میزائل داغ دیے، جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے ایک اہلکار عباس ابراہیم حمزہ ہلاک ہو گئے، جو مغربی علاقے میں کمانڈر تھے۔ذرائع نے بتایا کہ اس کے علاوہ ایک اور اسرائیلی ڈرون نے ضلع نباتیہ کے ہومین گاؤں میں ایک اور کار کو نشانہ بنایا، جس سے اس کا ڈرائیور ہادی جمعہ کو ہلاک ہو گیا۔ ان کے والد مبینہ طور پر حزب اللہ کے قریبی بتائے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے اور پھر اسرائیل کی جوابی کارروائی کے بعد 8 اکتوبر 2023 سے لبنان اسرائیل سرحد پر کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا۔ ڑنہوا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت نے جمعرات کو بتایا کہ 15 سالہ نعیم عبداللہ نعیم کو اسرائیلی فوج نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔مقامی فلسطینی ذرائع نے ڑنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے شہر پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں نوجوانوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فوج نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔