لبنان سے اسرائیل پر 30راکٹ فائر

یو این آئی

یروشلم// لبنان سے شمالی اسرائیل پر تقریباً 30 راکٹ داغے گئے ، جن میں سے بیشتر کو راستے میں ہی مار گرایا گیا۔اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اتوار کے روز کہا کہ لبنان سے شمالی اسرائیل پر راکٹ حملہ کیا گیا اور کئی راکٹوں کو اسرائیل کے آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا۔لبنان کی شیعہ تحریک حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل کے شہر بیت ہلیل کی جانب کئی راکٹ فائر کیے ہیں۔آئی ڈی ایف نے بتایا کہ حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘جوابی کارروائی میں، اس نے حزب اللہ کے راکٹ لانچروں پر کئی حملے کیے ۔ اس کے علاوہ، جنوبی لبنان کے علاقے مرجاون میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔’’ادھر لبنان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی کوآرڈینیٹر جینین ہینس پلاسچارٹ نے تباہ کن بیروت دھماکے کی چوتھی برسی پر ہفتہ کے روز متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انصاف کا مطالبہ کیا۔لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے یہ اطلاع دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاندانوں نے اس سانحے کے اپنے تجربات شیئر کیے ہیں۔ پچھلے چار سالوں میں سچائی اور احتساب کی انتھک جستجو کے باوجود، دھماکے کی تحقیقات کی ان کی کوششیں بے سود رہی ہیں۔