لاک ڈان سے بھارت میں4کروڑ بچے متاثر

نئی دلی // اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسف کے مطابق بھارت میں لاک ڈاون نے 18 سال سے کم عمر کے 444 ملین بچوں میں سے، لگ بھگ 40 ملین (چار کروڑ)بچوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔یونیسف نے کہا ہے کہ صحت کا یہ بحران بچوں کے حقوق کا بحران بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ان کے مطابق لاکھوں بے گھر بچے ہیں جو سڑکوں پر، فلائی اوور کے نیچے یا تنگ گلیوں اور شہروں میں رہتے ہیں۔ صرف دہلی میں، ان کی تعداد کم از کم 70000یا ایک لاکھ تک ہوسکتی ہے۔ بھارت میں عالمی ادارہ یونیسف کی نمائندہ ڈاکٹر یاسمین علی حق نے کہاکہ کووڈ-19 وبائی بیماری نے بھارت میں لاکھوں بچوں کو براہ راست یا بالواسطہ طور پر متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت، سب سے زیادہ کمزور بچے وہ ہیں جو سڑکوں پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ان کا اپنا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، یہ شہر کی کچی آبادی میں کسمپرسی کی حالت میں ہیں یا دیہی علاقوں میں رہتے ہیں یا پھر اپنے گھر والوں کے ساتھ نقل مکانی کر رہے ہیں، ان کی حالت انتہائی ابتر ہوگئی ہے۔