لاک ڈائون کا 24واں دن

سرینگر// ملک گیر لاک ڈائون کے 24ویں روزوادی کشمیر میں لاکھوں لوگ بدستور گھروں میں محصور ہیں اور شمال و جنوب میں نظام زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہے۔انتظامیہ کے احکامات پرسختی کیساتھ عملدر آمد کیا جارہا ہے جبکہ پائین شہر کے 8تھانوں و پولیس ڈویژنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں سخت ترین ناکہ بندی  کے بعد اب سیول لائنز کے نٹی پورہ علاقے کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔ امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جارہی ہے اور انکے خلاف کیس درج کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ شہر کو مختلف اضلاع سے ملانے والی شاہرائوں کے ساتھ ساتھ تمام بین ضلعی سڑکوں پر مکمل سناٹا ہے اور صرف پولیس کی گاڑیاں نظر آرہی ہیں۔بین ضلعی آمد و رفت پر مکمل پابندی پہلے ہی عائد کردی گئی ہے۔ سرینگر شہر میں ہر سو خاموشی ہے، کہیں گاڑیوں کا شور نہیں نہ لوگوں کی آمد و رفت کی کوئی دور دور تک بھی چہل پہل دکھائی دیتی ہے۔پابندیوں کی وجہ سے دیہات اور قصبوں میں ہو کا عالم ہے، پابندیوں کا اطلاق سخت کیا گیا ہے اور یہ صورتحال وادی کے ہر قصبہ اور ہر گائوں میں دکھائی دیتی ہے۔شہر کے سیول لائنز علاقوں میں کچھ روز سے سبزی یا میوہ فروش بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔ کسی بھی دکاندار کو دکان کھولنے کی اجازت نہیں ہے حتیٰ کہ گوشت مکمل طور پر نایاب ہوچکا ہے کیونکہ کسی بھی قصاب کو دکان کھولنے کی اجازت نہیں، سڑکوں پر جو بھی نانوائی کی دکانیں تھیں وہ سبھی بند پڑی ہیں اور سنزی کی دکانیں بھی نہیں کھولی جارہی ہیں۔منگل کو سیول لائنز علاقوں میں نجی گاڑیوں کی آمد و رفت نہ ہونے کے برابر رہی حالانکہ پچھلے کئی دنوں سے سہ پہر کے بعد سیول لائنز علاقوں میں لوگ اپنی گاڑیوں میں ضرور سیر و تفریح کی غرض سے گھروں سے باہر نکل رہے تھے ۔تاہم وادی کے دیگر قصبوں اور علاقوں میں مکمل طور پر سڑکوں کی تار بندی کر کے عام آمد و رفت بند کردیا گیا ہے۔