لاک ڈائون کا 18واں دن

سرینگر// ملک گیر لاک ڈائون کے 18ویں روز وادی کشمیرمیں ہر سو مکمل خاموشی کا عالم ہے اور کہیں بھی زندگی کی معمولات نظر نہیں آتی ہیں۔نہ صرف شہر سرینگر کے میونسپل حدود میں ہر طرح کی رفتار رک گئی ہے بلکہ میونسپل حدود سے باہر دیگر اضلاع اور قصبوں میںبھی لاکھوں کی آبادی گھروں میں محصور ہے۔ سرینگر کے پا ئین اور سیول لائنز علاقوں میں پچھلے تین روز سے نجی گاڑیوں  اور سکوٹر و موٹر سائیکل سواروں کی آمد و رفت کافی حد تک بڑھ گئی ہے۔پہلے کے ایام میں مکمل لاک ڈائون کی کیفیت صاف طور پر جھلکتی تھی لیکن اب عام ہڑتال جیسی صورتحال دکھائی دے رہی ہے گوکہ پرائیویٹ گاڑیوں کی تعداد اس قدر زیادہ بھی نہیں ہے۔سہ پہر کے بعد نجی گاڑیوں کی آمد و رفت بڑھتی جارہی ہے حالانکہ سڑکوں پر صرف یکطرفہ ٹریفک کے چلنے کی اجازت ہے جبکہ دیگر سڑکوں پر خاردار تاریں بچھائی گئیں ہیں۔صرف لال چوک کو امیراکدل اور ریل چوک سے بند کردیا گیا ہے اور گھنٹہ گھر کا ائریا مکمل طور پر سیل ہے۔شہر میں کہیں کہیں میوہ فروش دکھائی دینے لگے ہیں جبکہ صبح کے وقت کہیں کہیں سبزی فروش بھی نظر آتے ہیں۔اسکے علاوہ صرف میڈیکل شاپ کھلے رہتے ہیں اور دیگر ہر قسم کی دکانیں ، کاروباری وتجارتی مرکز مقفل ہیں۔سڑکوں پر ہر طرح کے عوامی ٹریفک پر پابندی ہے اور شہر سرینگر سے دیگر اضلاع کی طرف جانے والے راستے مکمل طور پر بند ہیں۔وادی میں بین ضلعی ٹریفک پر بھی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
پولیس اور فورسز کی جانب سے سڑکوں پر خاردار تاریں بچھائی گئی ہیں اور وہ ہر چوراہے پر موجود رہتے ہیں۔ اسی طرح کی صورتحال دیہات اور دیگر ضلع و تحاصیل صدر مقامات پر بھی ہوتی ہے جہاں شہر سرینگر کے برعکس پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔قصبوں میں سخت ترین لاک ڈائون کا نفاذ کیا جارہا ہے جبکہ پہلے ہی بین ضلعی آمد و رفت مکمل بند ہے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے پر پابندی عائد ہے۔ نامہ نگار عارف بلوچ کے مطابق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پرکوکرناگ پولیس نے 2گاڑیوں کو ضبط کرکے ڈرائیوروںکے خلاف کیس درج کیا ۔پولیس نے دو ٹپر گاڑیوں زیر نمبرات JKO2G 7178اورJK02G 3686 کولاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے پرضبط کر کے ڈرائیورں کو گرفتار کرکے معاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر22/20 US 188 IPCکے تحت درج کیا ہے۔ادھر دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے سرینگر اور ہندوارہ میں30افراد کیخلاف کیس درج کیا اور 6گاڑیاں ضبط کیں۔سرینگر پولیس نے رنگریٹ علاقے میں تین افراد کیخلاف  63/2020 اور  64/2020 کے تحت کیس درج کر کے گرفتارکیا ۔ہندوارہ پولیس نے پولیس اسٹیشن قلم آباد میں11افراد  اور ایک گاڑی مالک کے خلافکیس24/2020 درج کیا ۔پولیس اسٹیشن ویلگام میں5 افراد کے خلاف ایف آئی آر نمبر27/2020 درج کیا گیا جبکہ پولیس اسٹیشن کرالہ کھڈ میں11 افراد کیخلاف33/2020  کے تحت کیس کا اندراج کیا گیا اور پانچ گاڑیاں ضبط کی گئیں۔