سرینگر// لاک ڈائون کے دوسرے مرحلے میں ہفتہ کو چھٹے روز بھی دارالحکومت سرینگر میں بازار اور تجارتی مراکزبند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا البتہ نجی گاڑیوں کی آوا جاہی دیکھنے کو ملی ۔شہر کے درجنوں علا قے ہنوز سیل ہیں اور ریڈ زون قرار دیئے گئے علاقوں کی ناکہ بندی برابر جاری ہے بندشوں کے نتیجے میں شہر کے سیول لائنز اور پائین شہر میں تجارتی سرگرمیاں گزشتہ دنوں کی ہی طرح مفلوج رہیںجبکہ بازار،دکانیں اور تجارتی وکاروباری مراکز کے بند رہنے کے نتیجے میں ہرسو ہو کا عالم چھایا رہا۔ شہر کے کئی علاقوں میں اگرچہ نجی ٹرانسپورٹ چلتا نظر آیاتاہم پبلک ٹرانسپورٹ ہنوز معطل ہے ۔ شہر میں جابجا سڑکوں کو سیل کردیا گیا تھا اور پولیس اور سی آر پی ایف کے اضافی دستوں کو تعینات کیا گیا تھا جس دوران مسافربردار ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔شہر میں داخل ہونے والے راستوں کو صبح سے ہی سیل کردیا گیا تھا اور شہر کی طرف آنے والی گاڑیوں کو روک دیا گیا۔شہر میںلوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی تاہم پابندیاں اور بندشیں عائد رہنے سے لوگوں کو مشکلات بھی درپیش آرہی ہیں ۔بعض علاقوں میں محلہ سطح کی دکانیں صبح وشام کھلی رہتی ہیں جبکہ شام کے وقت کئی علاقوں میں چھاپڑی فروش بھی دیکھے گئے ۔
لاک ڈائون کا دوسرا مرحلہ جاری
