لاک ڈائون سے مزدور پیشہ افراد بھکمری کا شکار

مینڈھر//ضلع پونچھ میں گزشتہ کئی روز سے مسلسل بندشیں جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں ہر طبقے کے لوگوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے وہیں پرمزدوری پیشہ افراد کی مشکلا ت میں ہر گزرتے دن اضافہ ہوتا جارہاہے ۔ضلع میں کووڈ کیس سامنے آنے کے بعد دیگر اضلاع کی ہی طرح پونچھ میں بھی بندشیں عائد کر دی گئی تھیں ۔غور طلب ہے کہ قصبوں کیساتھ ساتھ ملحقہ علاقہ جات کے غریب اور مزدور پیشہ افراد روزانہ قصبوں پہنچ کر مزدوری کر کے اپنے بال بچوں کا پیٹ پالتے تھے لیکن گزشتہ کئی دنوں سے ان تمام غریبوں کی مشکلا ت میں ہر گزرتے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔مینڈھر سب ڈویژن کے کیری گائوں سے تعلق رکھنے والے محمد اکرم نامی ایک مزدورنے بتایا کہ جب سے کووڈ کو لے کر انتظامیہ کی جانب سے بندشیں عائد کی گئی ہیں تب سے ان کا وقت شدید مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اب وہ مزدوری نہیں کر پا رہے ہیں اور ان کے گھر کی حالت ابتر ہوچکی ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ بھوکمری کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ان کے والد کافی بیمارہیں اور وہ ان کا بھی علاج نہیں کرواسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بالا کوٹ تحصیل سے تعلق رکھنے والے متعدد غریب لوگوں کا تعلق مزدوری پیشہ سے ہے مگر گزشتہ کافی دنوں سے وہ بیکار بیٹھے ہیں اور ان کو اپنے اہل و عیال کا پیٹ پالنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔مزدوروں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بندشیں ختم کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔