لاک ڈائون دورانیہ میں اضافہ

 مسافر و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ، کاروباری و تجارتی مراکز بند رہیں گے

 
سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر میں کورونا کیسوں میں اضافے کے پیش نظر ہفتہ وار لاک ڈائون کے دورانیہ میںاضافہ کرکے آج بعد دوپہر سے ہی  بندشیں عائد کرنیکا اعلان کیا ہے۔گذشتہ ہفتے جمعہ کی شب قریب 2بجے حکومت کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا تھا کہ سنیچر کی صبح سے ہی لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن سنیچر کی صبح عام لوگوں کے حکومتی فیصلے کے بارے میں کوئی علمیت نہیں تھی اور لاک ڈائون بھی نظر نہیں آیا تھا۔ چنانچہ پولیس کو دو پہر بعد لاوڈ اسپیکروں کے ذریعہ ہفتہ وارلاک ڈائون اعلانات کرنے پڑے۔لیکن اس ہفتے لاک ڈائون کی پچھلے ہفتے کی صورتحال دیکھ کر جمعرات کو ہی نہ صرف اعلان کیا گیا ہے بلکہ اس کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔سرکاری فیصلے کے مطابق جمعہ2بجے سے پیر صبح6بجے تک بندشیں عائد رہیں گی۔ چیف سیکریٹری کی طرف سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے جموں کشمیر میں جمعہ2بجے سے پیر صبح6بجے تک غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ تاہم حاملہ خواتین ملازمین دفتروں میںحاضری سے مستثنیٰ ہوں گی اور انہیں گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے۔لاک ڈائون کے بارے میں دیگر قواعد و ضوابط پچھلے ہفتے جاری احکامات کے مطابق ہی رہیں گے۔لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ لاک ڈائون کا اطلاق نہ صرف مسافر ٹرانسپورٹ پر ہوگا بلکہ پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کر کے نہ صرف گاڑیوں میں سفر کریں بلکہ سماجی دوری بھی اختیار کریں۔