لال سنگھ کے حامیوں کی کوارڈی نیشن کمیٹی تشکیل

 جموں// بار کونسل آف انڈیا کی ٹیم کی جانب سے کٹھوعہ کے وحشیانہ عصمت دری اور قتل واقعہ کی سی بی آئی انکوائری کے مطالبے کو جائز ٹھہرانے کے ایک روز بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مستعفی وزیر چودھری لال سنگھ کے حامیوں نے ’رسانہ کوارڈی نیشن کمیٹی‘ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ سی بی آئی انکوائری کو بزور طاقت حاصل کریں گے۔ جموں میں سنہ 2008 میں بننے والی شری امرناتھ سنگھرش سمیتی کے طرز پر بننے والی اس کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ جموں کو کوئی چیز لڑائی کے بغیر حاصل نہیں ہوئی ہے اور سی بی آئی انکوائری کو بھی بزور طاقت حاصل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سنہ 2008 میں امرناتھ شرائن بورڈ کو زمین کی منتقلی کے بعد ریاست کے دونوں خطوں میں ایجی ٹیشن چھڑ گئی تھی جس کے دوران جموں میں شری امرناتھ سنگھرس سمیتی نے کشمیر جانے والی تمام سڑکوں کو بلاک کرکے وادی کی اقتصادی ناکہ بندی کی تھی۔ لال سنگھ کے حامیوں کی جانب سے تشکیل دی گئی رسانہ کوارڈی نیشن کمیٹی کے ایک رکن نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا ’جموں کو آج تک کوئی چیز لڑائی کے بغیر حاصل نہیں ہوئی ہے۔ میڈیکل کالج، سینٹرل یونیورسٹی، ایمز اور جو کچھ بھی یہاں ہے، ہم نے ان چیزوں کو لڑائی سے حاصل کیا ہے۔ بار کونسل آف انڈیا کی ٹیم اور سارے لوگ کہتے ہیں کہ واقعہ کی سی بی آئی انکوائری ہونی چاہیے۔ ہم آپ (میڈیا) کے سامنے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ جب تک سی بی آئی انکوائری نہیں ہوگی ہم چپ نہیں بیٹھیں گے‘۔ پریس کانفرنس میں موجود کوارڈی نیشنل کمیٹی کے بیشتر اراکین وہ تھے جنہوں نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران چودھری لال سنگھ کے احتجاجی مارچوں، پروگراموں اور جلسوں میں دیکھا گیا۔